جامعہ کراچی میں4 اسامیوں پر منعقدہ سلیکشن بورڈ کی حیثیت مشکوک

صفدر رضوی  پير 16 اپريل 2018
حنیف طیب بحیثیت نمائندہ سنڈیکیٹ مدت پوری کر چکے پھر بھی اجلاسوں میں بلایا گیا۔ فوٹو؛ فائل

حنیف طیب بحیثیت نمائندہ سنڈیکیٹ مدت پوری کر چکے پھر بھی اجلاسوں میں بلایا گیا۔ فوٹو؛ فائل

کراچی: جامعہ کراچی میں بھرتیوں پر عاید پابندی کے الیکشن کمیشن کے احکام کے برخلاف دو روز میں 4 مختلف اسامیوں پر سلیکشن بورڈ کرانے کا معاملہ سامنے آیا ہے جبکہ مزید ایک سلیکشن بورڈ پیر کو بھی منعقد ہونے جا رہا ہے جس میں رجسٹرار جامعہ کراچی خود بھی امیدوار ہیں۔

ایکسپریس کو معلوم ہواہے کہ ان اجلاسوں میں سینڈیکیٹ کی مدت پوری کرنے والے ایک رکن کو بحیثیت نمائندہ سینڈیکیٹ شامل کیا گیا ہے، مذکورہ نمائندہ سینڈیکیٹ حاجی حنیف طیب گزشتہ ماہ کے آخر میں اپنی مدت پوری کرچکے تھے تاہم اس کے باوجود رجسٹرار نے ان کو اجلاس میں شریک کیا۔

یونیورسٹی کوڈ کے مطابق غیر تدریسی اسامی پر ایکسپرٹ کی نمائندگی نہ ہونے کے باوجود بورڈ کے ایک اجلاس میں شعبہ ابلاغ عامہ کی سربراہ بھی شریک ہو گئیں، اس بورڈکے سامنے انٹرویو کیلیے شریک ایک امیدوار نے ان کی شرکت پر اعتراض کرتے ہوئے وائس چانسلر کودوبارہ سلیکشن بورڈکرانے کی درخواست بھی دی ہے۔

چاروں اسامیوں کے لیے کرائے گئے سلیکشن  بورڈ میں اسکرونٹی کے نقائض بھی سامنے آئے ہیں، کئی اہل امیدواروں کوسلیکشن بورڈ سے باہر کردیا گیا جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس کی اسامی کے لیے مطلوبہ اہلیت نہ رکھنے والے امیدواروں کو انٹرویو کیلیے بلوایا گیاکیونکہ ان افراد میں کچھ کا تعلق موجودہ انتظامیہ کے افسران سے بتایا جاتا تھا۔

آج بھی یونیورسٹی انتظامیہ شعبہ میرین بائیولوجی میں سلیکشن بورڈ کرارہی ہے ،اس شعبے میں پروفیسر کی اسامی  کے لیے  رجسٹرار جامعہ کراچی ڈاکٹر منور رشید خود امیدوارہیں۔

انجمن اساتذہ  کے صدر ڈاکٹر جمیل کاظمی نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حاجی حنیف طیب کی بحیثیت رکن سینڈیکیٹ مدت ختم ہونے کے بعد سلیکشن بورڈمیں شرکت نا قابل قبول ہے، انھوں نے الزام لگایاکہ بھرتی پر پابندی عایدہونے کے باوجود میرین بائیولوجی میں سلیکشن بورڈاس لیے کرایا جارہاہے کہ رجسٹرار جامعہ کراچی خود امیدوار ہیں۔

اس حوالے سے ترجمان جامعہ کراچی کا کہنا ہے کہ سلیکشن بورڈ مجازاتھارٹی کی منظوری سے کسی بھی ماہر افراد کی خدمات لے سکتا ہے،بورڈ کیلیے اسکرونٹی میرٹ پر کرائی گئی ہے، سلیکشن بورڈ سفارشی ادارہ ہے جبکہ سینڈیکیٹ تقرر کرنے کی اتھارٹی ہے ۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔