گھر، میرا آئینہ

کہکشاں صابر  پير 16 اپريل 2018
خوب صورت گھر ہر عورت کا خواب، اس کی خواہش اور اس کی تمنا ہوتی ہے۔  فوٹو: سوشل میڈیا

خوب صورت گھر ہر عورت کا خواب، اس کی خواہش اور اس کی تمنا ہوتی ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ایک گھر وہ بھی اپنا، ہر انسان کی زندگی میں پہلی ترجیح ہوتا ہے۔ اپنا گھر تو سبھی کو پیارا لگتا ہے، مگر عورت کی ساری زندگی اپنے گھر کو سجانے سنوارنے میں ہی گزر جاتی ہے، اب چاہے وہ چھوٹی سی جھونپڑی ہو یا کوئی بڑا سا محل نما گھر! گھر کی اندرونی سجاوٹ ہی گھر میں رہنے والوں کے ذوق کی نشان دہی کرتی ہے۔

اکثر خواتین سجاوٹ کے ڈھیر سارے سامان سے گھر کا کونا کونا بھر دیتی ہیں، لیکن گھر میں سامان بھر دینے سے وہ دیدہ زیب نہیں بن سکتا، یہ سجاوٹ نہیں ہوتی، بلکہ اصل خوب صورتی اس وقت نظر آتی ہے جب اس کے اندر سامان سلیقے اور قرینے سے رکھا جائے۔ اکثر لوگ چھوٹے گھر میں رہنے کے باوجود بڑا فرنیچر خرید لیتے ہیں جس سے گھر مزید گْھٹا گْھٹا لگتا ہے۔ اس کے برعکس اگر آپ تعداد میں کم اور گنجائش میں زیادہ فرنیچر خریدیں گی تو آپ کا گھر بھی سج جائے گا اور اچھا بھی لگے گا۔ –

خوب صورت گھر ہر عورت کا خواب، اس کی خواہش اور اس کی تمنا ہوتی ہے۔ گھر چاہے جیسا بھی ہو، لیکن ایک عورت کے لیے اس کا گھر جنت سے کم نہیں ہوتا اور اس گھر کی سجاوٹ و آرائش کے لیے خواتین ہر وقت تیار رہتی ہیں۔ گھر کو خوب صورت اور جاذب نظر بنانے کے لیے ان کے ذہن میں بہت سے نئے خیالات چلتے رہتے ہیں اور ان کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بھی خواتین متحرک رہتی ہیں۔

گھر کو بے شک نت نئے اور منہگے سامان سے کیوں نہ بھر دیا جا ئے، لیکن ان کی بے مقصد سجاوٹ، بد سلیقے سے رکھی ہوئی اشیاء اس کی خوب صورتی کو ماند کردیتی ہیں۔ کچھ خواتین تو پرانے فرنیچر اور سادہ سی سجاوٹ کی اشیا ء بھی اس محنت اور لگن سے سجاتی ہیں کہ ان میں جان پڑ جاتی ہے اور سادگی میں بھی حسن پیدا ہوجاتا ہے جو ہر دیکھنے والے کے دل پر اثر کرتا ہے۔

سادگی میں بھی اک حسن پوشیدہ ہے۔ گھر بڑا ہو یا چھوٹا، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، بلکہ آپ کا اعلیٰ ذوق اور انتخاب ہی گھر کو خوب صورت اور جاذب نظر بناتا ہے۔

گھر کی سجاوٹ میں خوب صورت آئینوں کو بھی اپنے انتخاب کا حصہ بنائیں۔ آئینوں کی سجاوٹ گھر کی خوب صورتی میں چار چاند لگا دیتی ہے۔ گھر کو ایک منفرد لک دینے کے لئے آئینوں کا استعمال زبردست ہوتا ہے۔ جگمگ کرتے صاف ستھرے آئینوں کے آگے خوب صورت شو پیس رکھنے سے بھی ابھرنے والا عکس نہایت خوب صورت منظر پیش کرے گا۔

ہمیں گھر میں آئینوں کی طاقت کا اندازہ پہلے سے ہے۔ 

آئینے بولتے ہیں اور گھر کی سجاوٹ ہو تو آئینے خود بول کر ہر آنے والے کے سامنے آپ کی تعریف کرتے ہیں۔ اگر آپ کا کمرہ چھوٹا ہو تو آپ اپنی ذہانت استعمال کرکے اسے بڑا ظاہر کرسکتے ہیں۔ کم کشادہ کمروں کی دیواروں میں خوب صورت آئینے لگا کر اسے وسیع کرسکتے ہیں، اس کے لیے آپ بیضوی، راؤنڈ اور مربع اشکال میں آئینوں کا استعمال کرسکتی ہیں۔ ان سے گھر میں گھٹن کا احساس بھی کم ہوجاتا ہے۔

 گھر میں کشش پیدا کرنے کے لیے لائٹس کا استعمال بھی بہترین ہے۔

ہمیشہ خیال رکھیں کہ آئینہ ایسی جگہ لگائیں کہ روشنی آئینے پر منعکس ہو، تاکہ کمرے میں لگی لائٹس کی روشنی کمرے کو مزید روشن کردے۔ پھر تو یہ کمرہ آئینوں اور لائٹس کی وجہ سے خوب صورت اور دلکش نظر آئے گا۔ اگر یہ آئینے فریم والے ہوں تو اور بھی حسین لگیں گے۔

آپ اپنی خریداری میں جدید اور قدیم طرز کے فریموں کا انتخاب کریں، تاکہ آپ کی چوائس اینٹیک میں شمار ہو۔ اس کے علاوہ روز روز ایسے ساز و سامان کی خریداری ممکن بھی نہیں، اسی لیے خواتین کو اپنے بجٹ سے تھوڑا سا آوٹ ہو کر اس سجاوٹ کے بارے میں سوچنا پڑتا ہے، لیکن ایک بار کی اچھی خریدی ہوئی چیز ہمارے لیے فائدے مند رہتی ہے۔ تھوڑی سی بچت کرکے اور کم معیار کی چیز خرید کر ہم خود نقصان میں رہتے ہیں۔

خاتون خانہ کو چاہیے کہ وہ خریداری کرتے وقت دل و دماغ کو کھلا رکھیں اور خاص کر اپنے بجٹ کا خیال رکھیں۔ ایسی اشیاء کا انتخاب کریں جو اپ کے شوق کو بھی پورا کرے اور اینٹیک بھی کہلائے۔ اس کے علاوہ سال ہا سال استعمال بھی ہو۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔