تمباکو اور نسوار کی فروخت پر عائد پابندی کالعدم قرار

ویب ڈیسک  پير 16 اپريل 2018
آئین کے تحت کسی بھی پاکستانی کو مرضی کا کاروبار کرنے کا حق حاصل ہے،عدالت۔فوٹو: فائل

آئین کے تحت کسی بھی پاکستانی کو مرضی کا کاروبار کرنے کا حق حاصل ہے،عدالت۔فوٹو: فائل

راولپنڈی کی عدالت نے تمباکو اور نسوار کی فروخت پر پابندی کو کالعدم قرار دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی ہائی کورٹ میں تمباکو اور نسوار کی فروخت سے متعلق سماعت ہوئی جس میں جسٹس محمد امیر بھٹی نے 50 سائلین کی مشترکہ پٹیشن پر فیصلہ سناتے ہوئے تمباکو اور نسوار کی فروخت پر پابندی کو کالعدم قرار دے دیا۔

عدالت کا کہنا ہے کہ تمباکو یا نسوار ممنوعہ نہیں ہیں جب کہ آئین کے تحت کسی بھی پاکستانی کو اپنی مرضی کا کاروبار کرنے کا حق حاصل ہے۔

یاد رہے کہ پنجاب فوڈ اتھارتی نے 28 جنوری کو چبانے والے تمباکو اور نسوار کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا کہ جس کے مطابق 31 مارچ تک یہ کاروبار کرنے والے کوئی اور کام شروع کردیں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

عدالت نے 31 مارچ کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کا یہ حکم معطل کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے جواب طلب کرلیا تھا اور آج عدالت نے اس فیصلے کو ہی کالعدم قرار دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔