سی پیک اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کیلیے خصوصی پیکیج

خصوصی رپورٹر  منگل 17 اپريل 2018
پلانٹ ومشینری کوتمام ٹیکسوں سے چھوٹ، یوٹیلٹی سہولتوں پررعایت اورآسان قرضے شامل۔ فوٹو: فائل

پلانٹ ومشینری کوتمام ٹیکسوں سے چھوٹ، یوٹیلٹی سہولتوں پررعایت اورآسان قرضے شامل۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں سی پیک کے تحت قائم ہونے والے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے لیے خصوصی پیکج کے تحت ڈیوٹی و ٹیکسوں میں خصوصی رعایت سمیت دیگر مراعات دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

سینئر حکام نے بتایا کہ سی پیک صنعتی زونز میں صنعتوں کے قیام کے لیے پاکستانی،چینی اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں خصوصی مراعات فراہم کی جائیں گی اور ان اقدامات کے تحت خصوصی اقتصادی زونز میں نئی صنعتوں کے قیام کے لیے خام مال اور پلانٹس و مشینری و دیگر آلات پر سرمایہ کاروں کو ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں سے استثنیٰ اور رعایتی قرضوں سمیت خصوصی مراعات دی جائیں گی اور ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن کے نتیجے میں ان خصوصی صنعتی زونز میں پاکستان کی مقامی اشیا کی کھپت بڑھ سکے۔

رعایتی پیکیج میں خصوصی اقتصادی زونز کے لیے درآمدی مشینری اور پلانٹ پر تمام کسٹمز ڈیوٹیاں اور ٹیکسوں سے ایک مرتبہ چھوٹ شامل ہے۔

حکام نے بتایاکہ خصوصی اقتصادی زونز میں رشکئی خیبرپختونخوا ، دھابیجی سندھ، بلوچستان میں بوستان انڈسٹریل زون، علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد، گلگت میں مقپونداس، اسلام آباد میں آئی سی ٹی ماڈل، سندھ میں پورٹ قاسم ، فاٹا اور میرپور آزاد کشمیر میں مہمند ماربل سٹی شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ سی پیک صنعتی پارکس میں گیس، بجلی، پانی و دیگر سہولتیں اور کام کے دوران سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور ہر اکنامک و صنعتی زون میں پاکستانی لیبر لاز لاگو ہوں گے اور ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔