جنوبی افریقہ میں پہلی کلر آف پاکستان لائف اسٹائل نمائش کا اعلان

بزنس رپورٹر  منگل 17 اپريل 2018
مقصدتجارت بڑھانا اورپاکستانی اشیاجنوبی افریقی منڈیوں میں متعارف کرانا ہے،رفیق میمن۔ فوٹو: ایکسپریس

مقصدتجارت بڑھانا اورپاکستانی اشیاجنوبی افریقی منڈیوں میں متعارف کرانا ہے،رفیق میمن۔ فوٹو: ایکسپریس

 کراچی: پاکستان ساؤتھ افریقہ بزنس فورم کے تحت پہلی کلرآف پاکستان لائف اسٹائل ایکسپو 2018 ساؤتھ افریقہ ’’لینیشیا‘‘ میں منعقد ہوگی۔

فورم کے سربراہ رفیق میمن نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ ایکسپوپاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے متعلقہ حکومتی اداروں کے تعاون اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے اشتراک سے 27 اپریل تا یکم مئی منعقدکی جا رہی ہے۔

فورم کی جانب سے پاکستان و جنوبی افریقہ کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے، جنوبی افریقی مارکیٹوں میں پاکستانی مصنوعات کو زیادہ سے زیادہ متعارف کرانے اور ان کی جارحانہ مارکیٹنگ سمیت متعدد فیصلے کیے گئے ہیں جس کے تحت رواں اپریل سے دسمبرتک مختلف ایونٹس ترتیب دیے گئے ہیں۔

رفیق میمن نے بتایا کہ پاکستانی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے اور منافع بخش سرمایہ کاری پروگرام کے تحت پاکستان ساؤتھ افریقہ بزنس فورم نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں وفد نے مختلف تجارتی وصنعتی اداروں، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اورمتعلقہ سرکاری اداروں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔

فورم نے انہی ملاقاتوں میں طے پانے والے معاملات کے مطابق جنوبی افریقہ میں پاکستان کے امیج کو بہتر بنانے، پاکستان سنگل کنٹری نمائش سمیت دیگر پروگرام تشکیل دیے ہیں، 5روزہ کلر آف پاکستان لائف اسٹائل ایکسپو 2018 اسی سلسلے کا پہلا پروگرام ہے جبکہ دوسرا پروگرام جولائی 2018 میں ہوگا جب پاکستان ساؤتھ افریقہ گروتھ بزنس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔

ستمبر 2018 میں پاکستان پروڈکٹ اینڈ مینوفیکچررز سنگل کنٹری ایگزیبیشن کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ پی ایس اے بی ایف میگزین بزنس بلیٹن تھرڈ والیم مئی2018 اورفورتھ والیم ستمبر2018 میں شائع کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔