رئیس مما کی عدالت میں پیشی، ڈائریکٹر لینڈ کے قتل کا اعتراف

اسٹاف رپورٹر  منگل 17 اپريل 2018
عامر زئی مہران ٹاؤن کی اراضی کی چائنا کٹنگ میں رکاوٹ تھا،ملزم کابیان۔ فوٹو: فائل

عامر زئی مہران ٹاؤن کی اراضی کی چائنا کٹنگ میں رکاوٹ تھا،ملزم کابیان۔ فوٹو: فائل

 کراچی: ملزم رئیس مما نے اپنے جرائم کا اعتراف کر لیا جب کہ ملزم رئیس مما نے اپنے اعترافی بیان میں کئی افراد اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کا بھی اعتراف کیا۔

تھانہ کورنگی پولیس نے ملزم رئیس مما کا اعترافی بیان قلم بند کرنے کے لیے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کے روبرو پیش کیا۔ عدالتی ذرائع کے مطابق ملزم رئیس مما نے دفعہ 164کے تحت اپنے اعترافی بیان میں سنسنی خیز انکشافات کیے۔

ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں کئی افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کا بھی اعتراف کیا، ٹارگٹ کلنگ کے جرم قبول کرتے ہوئے کئی اہم سیاسی شخصیات کی پشت پناہی کا بھی اعتراف کیا۔

ملزم نے کہا کہ سیاسی لیڈروں کے کہنے پر مخالف سیاسی جماعتوںکے کارکنوںکی ٹارگٹ کلنگ کی۔ پولیس نے اس کی نشاندہی پر گزشتہ دنوں عید گاہ کے علاقے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے ڈائریکٹر لینڈ کورنگی ٹاؤن عامر زئی کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مقتول مہران ٹاؤن کی اراضی کی چائنہ کٹنگ میں رکاوٹ بن گیا تھا، 27 اکتوبر 2013کو اسے راستے سے ہٹانے کیلیے قتل کیا تھا،مقدمہ نامعلوم کیخلاف تھانہ کورنگی میں درج ہوا تھا۔

رئیس مما کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے ایم کیو ایم کے مبینہ ٹارگٹ کلر رئیس مما کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، سندھ ہائی کورٹ میں انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت کے روبرو ایم کیو ایم کے مبینہ ٹارگٹ کلر رئیس مما کے خلاف مقدمات کی سماعت ہوئی۔

ایم کیو ایم کے مبینہ ٹارگیٹ کلر رئیس مما کو انسداد دہشتگردی عدالت کے منتظم جج کے سامنے پیش کیا گیا، عدالت نے رئیس مما کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، رئیس مما پر ٹارگٹ کلنگ اسلحہ اور بھتہ خوری کے مقدمات درج ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔