قومی ہاکی ٹیم درست سمت میں گامزن ہے، عمران بٹ

میاں اصغر سلیمی / اسپورٹس رپورٹر  منگل 17 اپريل 2018
کامن ویلتھ گیمز کے بعد بھی پلیئرز پرُعزم ، عالمی اعزازات واپس لائیں گے، گول کیپر۔ فوٹو : فائل

کامن ویلتھ گیمز کے بعد بھی پلیئرز پرُعزم ، عالمی اعزازات واپس لائیں گے، گول کیپر۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  قومی ہاکی گول کیپر عمران بٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم نے درست سمت میں سفر کا آغاز کر دیا ہے جب کہ وہ وقت دور نہیں جب عالمی اعزازات ایک ایک کر کے حاصل کرنا شروع کر دیں گے۔

نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے خصوصی بات میں عمران بٹ کا کہناتھا کہ روایتی حریف بھارت اور انگلینڈ کیخلاف ہمارے میچز خاصے سنسنی خیز رہے، ابتدا میں خسارے میں جانے کے باوجود پلیئرز نے ہمت نہیں ہاری اور عمدہ کم بیک کرتے ہوئے میچز برابر کیے۔

یاد رہے کہ کامن ویلتھ گیمز کے مقابلوںکے دوران گرین شرٹس حریف سائیڈز ویلز، بھارت، انگلینڈ اور ملائشیا کیخلاف میدان میں اترے اور تمام مقابلوں کے دوران ناقابل شکست رہے،کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے زیر کر کے ایونٹ میں ساتویں پوزیشن بھی حاصل کی۔

ایک سوال پر قومی گول کیپر کا کہنا تھا کہ میں مکمل طور پر فٹ ہوں، میگا ایونٹ کے دوران میری عمدہ کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے مجموعی طور پر 9گولز کیے جبکہ 7 گول اس کیخلاف ہوئے۔ ایف آئی ایچ چیمپئن ٹرافی اور ایشیئن چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھی اپنے کیریئر کا بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے گرین شرٹس کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے کی کوشش کرونگا۔

عمران بٹ نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز میں اچھی کارکردگی نے کھلاڑیوں کے حوصلے خاصے بلند کر دیے ہیں اور پلیئرز رواں برس شیڈل ایف آئی ایچ چیمپئنزٹرافی اور ایشین چیمپئن ٹرافی سمیت رواں برس شیڈول تمام ایونٹس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلیے پر عزم ہیں۔

گول کیپر نے کہاکہ غیر ملکی قومی کوچ رولینٹ اولٹمنزکے آنے سے ٹیم کو خاصا فائدہ ہوا ہے۔ وہ گرائونڈ میں پریکٹس کے دوران اور ٹیم میٹنگز میں بھی کھلاڑیوں کی گیم میں بہتری لانے کیساتھ انھیں ذہنی طور پر بھی مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کی طرف سے بتائی گئیں مفید ٹپس کا پلیئرز کا خاصا فائدہ ہوا ہے جس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ایونٹ کے میچز کے دوران گرین شرٹس خسارے میں جانے کے باوجود میچز برابر کرنے میں کامیاب رہے۔

عمران بٹ نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز کے دوران جس طرح قوم کی سپورٹ ہمیں حاصل رہی، اس پر ٹیم پلیئرز ہاکی کے چاہنے والوں کے شکر گزار ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔