افغانستان میں اتحادی فورسز کی کارروائی، 37 طالبان جاں بحق

خبر ایجنسی  منگل 17 اپريل 2018
 افغان اور امریکی فورسز کی مشترکہ فضائی کارروائی طالبان کی جانب سے حملے کے بعد کی گئی،مختلف علاقوں میں جھڑپوں کی بھی اطلاعات۔ فوٹوفائل

 افغان اور امریکی فورسز کی مشترکہ فضائی کارروائی طالبان کی جانب سے حملے کے بعد کی گئی،مختلف علاقوں میں جھڑپوں کی بھی اطلاعات۔ فوٹوفائل

کابل: افغان اور امریکی فورسز کی مشترکہ فضائی کارروائی میں اہم کمانڈروں سمیت 37 طالبان جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

مغربی صوبہ فراہ میں افغان امریکی فورسز کی مشترکہ فضائی کارروائی میں 37 طالبان جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ افغان ملٹری کی 207 ویں ظفرکور کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان اور امریکی فورسز کی مشترکہ فضائی کارروائی طالبان کی جانب سے حملے کے بعد کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد طالبان عسکریت پسندوں نے رات کے 2 بجے سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا جو صبح 6 بجے تک جاری رہا۔ جاں بحق ہونے والوں میں طالبان کے اہم کمانڈر ملا ابراہیم، حافظ نیازمحمد، حاجی بشیر، صالح محمد شامل ہیں۔

جھڑپوں کے دوران ایک افغان پولیس اہلکار بھی مارا گیا جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ ضلع بالا بلوک میں  ایک اور آپریشن کے دوران طالبان کے 2 اہم کمانڈر ملا عبدالقیوم اور حسیم الدین جاں بحق ہوگئے جب کہ مشرقی صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کا دہشت گرد جاں بحق ہوگیا۔

افغان ملٹری کی201 صلیب کور کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ ننگرہار کے ضلع نازیان میں امریکی ڈرون طیارے نے داعش کے ٹھکانے کونشانہ بنایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔