عمرے کے کرایوں میں کمی کا اعلان کر دیا گیا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 13 اپريل 2013
کراچی سے جدہ کا کرایہ ساڑھے43 ہزار روپے تھا جوکم کرکے 40 ہزار کردیا گیا.  فوٹو: فائل

کراچی سے جدہ کا کرایہ ساڑھے43 ہزار روپے تھا جوکم کرکے 40 ہزار کردیا گیا. فوٹو: فائل

کراچی:  پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی انتظامیہ نے عمرے کے کرایوں میں کمی کااعلان کردیا، کراچی سے عمرہ زائرین کیلیے کرایہ 40ہزار روپے معہ ٹیکس وفیول سرچارچ مقررکیاگیاہے۔

اس سے قبل کراچی سے جدہ کا کرایہ ساڑھے43 ہزار روپے تھا جوکم کرکے 40 ہزار کردیا گیا جبکہ اندرون ملک سے جدہ جانے والوں کا کرایہ53 ہزار روپے تھا جوکم کرکے48 ہزار روپے کردیا گیا ، اس طرح کراچی سے جدہ جانے والے عمرہ زائرین کے کرایوں میں ساڑھے3 ہزار روپے کمی کردی گئی ہے۔

تاہم قومی ائیرلائن انتظامیہ نے عمرہ زائرین کیلیے31مئی تک کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے، ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی سے جدہ جانیوالی ہفتے میں 6 پروازیں ہیں، اسلام آباد سے جدہ3،لاہور سے جدہ4 پشاور سے جدہ ایک جبکہ کراچی سے مدینہ ایک، لاہور سے مدینہ ایک، اسلام آباد سے مدینہ ایک اورملتان سے مدینہ براہ راست کراچی ایک پرواز ہوگی اس طرح مجموعی طورپر عمرہ زائرین کیلیے ملک بھر سے ہفتہ وار14پروازیں چلائی جائیں گی۔

یہ اعلان چیئرمین پی آئی اے لیفٹیننٹ جنرل (ر)آصف یٰسین ملک نے عازمین عمرہ کوسہولیتں فراہم کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا ، دریں اثنا چیئرمین پی آئی اے لیفٹیننٹ جنرل (ر)آصف یٰسین ملک اورمنیجنگ ڈائریکٹرکیپٹن محمد جنید یونس نے ایئرلائن کے سینئر افسران کے ہمراہ پی آئی اے ٹاؤن شپ کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب سہولتوںکا جائزہ لیا،اس موقع پرچیئرمین پی آئی اے لیفٹیننٹ جنرل (ر)آصف یٰسین ملک نے اسٹاف کالونی کی دیکھ بھال کے سلسلے میں ہدایات بھی جاری کیں۔

انھوں نے ڈائریکٹر ہیومن ریسورسزاورجنرل منیجر ورکس کولائٹوں ،گلیوں کی مرمت،رنگ و روغن، پارکس کی حالت بہتر بنانے اورصفائی کے احکامات دیے ،چیئرمین نے ٹاؤن شپ کے مکینوں کو پینے کے لیے صاف پانی، بجلی اور گیس کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی، انھوں نے جنرل منیجر سیکیورٹی سروسز کو ٹاؤن شپ کی سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر اور فعال بنانے کی بھی ہدایت کی تا کہ ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو احساس تحفظ اور پرامن زندگی گزارنے کے مواقع میسر ہوں۔

پی آئی اے ٹاؤن شپ کے مکینوں نے چیئرمین پی آئی اے کی جانب سے لوئرگریڈ کے کارکنوں کے مسائل میں ذاتی دلچسپی لینے، اسٹاف کالونی کا دورہ اور خوشگوار ماحول اورسہولت کی فراہمی کے احکامات کوسراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا، چیئرمین پی آئی اے نے اس موقع پر ملازمین کو مزید سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔