مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتے 0.15 فیصد کمی

نمائندہ ایکسپریس / بزنس ڈیسک  ہفتہ 13 اپريل 2013
پیاز، دال چنا، ایل پی جی، گندم، آٹا سستا ہوگیا، آلو، ٹماٹر سمیت 15 اشیا کے نرخوں میں اضافہ۔     فوٹو فائل

پیاز، دال چنا، ایل پی جی، گندم، آٹا سستا ہوگیا، آلو، ٹماٹر سمیت 15 اشیا کے نرخوں میں اضافہ۔ فوٹو فائل

اسلام آباد / کراچی: ملک میں گزشتہ ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے کے لحاظ سے  مہنگائی(افراط زر) کی شرح میں 0.15 فیصد کمی ہوئی تاہم سال بہ سال انفلیشن ریٹ4.19 فیصد رہا، اس دوران 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 10 اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ28 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

پاکستان بیوروشماریات سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 11 اپریل 2013 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 8 ہزار روپے ماہانہ تک آمدن طبقے کیلیے حساس قیمتوں کے اشاریے کے لحاظ سے مہنگائی (افراط زر) کی شرح  میں0.35 فیصد، 12 ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے0.27 فیصد، 18 ہزار ماہانہ آمدن والوں کے لیے0.22 فیصد، 35 ہزار روپے انکم گروپ کے لیے0.16 فیصد اور ماہانہ35 ہزار روپے سے زائد کمانے والوں کے لیے افراط زرکی شرح میں 0.04 فیصد کمی ہوئی۔

اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں کمی پیاز، دال چنا، ایل پی جی،گندم، آٹا سستا ہونے کی وجہ سے ہوئی، پیاز8.41فیصد، دال چنا3.12 فیصد، گندم 2.05 فیصد، ایل پی جی 2.04 فیصد اورآٹے کی اوسط قیمت میں1.20 فیصد کمی ہوئی، اس کے علاوہ  سرخ مرچ پسی ہوئی (کھلی)، انڈے، دال ماش، جارجٹ اور ویجیٹیبل گھی (کھلا) کی قیمتیں بھی نیچے آئیں تاہم ہفتہ وار بنیادوں پر لہسن، آلو، ٹماٹر، زندہ مرغی، چینی، دال مسور، دال مونگ، گڑ، تیارچائے (سادہ)، لانگ کلاتھ، کیلے، بکرے کاگوشت، گائے کاگوشت، لان، سرسوں کا تیل اور گڑ کی قیمتوں میں 3.26 فیصد تک اضافہ ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔