پاکستان کا گرانٹ فلاور کو بیٹنگ کوچ بنانے پر غور

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 13 اپريل 2013
چیمپئنز ٹرافی سے قبل خدمات حاصل نہیں ہوسکیں گی، اگست میں تقرری کا امکان۔  فوٹو: فائل

چیمپئنز ٹرافی سے قبل خدمات حاصل نہیں ہوسکیں گی، اگست میں تقرری کا امکان۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے گرانٹ فلاور کو بیٹنگ کوچ بنانے پر غور شروع کردیا، چیمپئنز ٹرافی سے قبل خدمات حاصل نہیں ہوسکیں گی، اگست میں تقرر کیا جاسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے کارکردگی میں عدم تسلسل کے بعد بیٹنگ کوچ کی تقرری کا فیصلہ کرتے ہوئے گذشتہ سال اکتوبر میں اشتہار جاری کرکے 4 نومبر تک درخواستیں طلب کی تھیں، امیدواروں کیلیے لیول تھری کوالیفائیڈ اور ٹاپ کرکٹرز کے ساتھ کام کرنے کا کم از کم 5 سالہ تجربے جیسی شرائط رکھی گئیں، جواب میں کئی ملکی اور غیر ملکی کوچز نے دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے درخواستیں بھی جمع کرائیں لیکن بورڈکوئی حتمی فیصلہ نہ کرسکا۔

امیدواروں میں ظہیر عباس اور سلیم ملک سمیت پاکستان کے کئی سابق ٹیسٹ کرکٹرز بھی شامل تھے،کڑی شرائط کے سبب کسی کی دال نہ گل سکی،اس دوران دورئہ بھارت سے قبل انضمام الحق کی خدمات بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ حاصل کی گئیں، جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز سے قبل سابق کپتان کے ساتھ معاملات طے نہ پاسکے۔ ذرائع کے مطابق اب پی سی بی غیر ملکی امیدواروں میں شامل گرانٹ فلاور کی تقرری پر غور کررہا ہے، سابق ٹیسٹ کرکٹر اورانگلش کوچ اینڈی فلاور کے چھوٹے بھائی اس وقت زمبابوین ٹیم سے منسلک ہیں، ان کا معاہدہ اگست میں مکمل ہونے کے بعد توسیع نہیں کی جا رہی۔

بورڈ ذرائع نے تصدیق کی کہ گرانٹ فلاور کا تقرر ممکن تاہم تاحال انھیں دیگر کی طرح ایک امیدوار ہی کہا جاسکتا ہے، خدمات اگست میں ہی حاصل ہونے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ 42 سالہ گرانٹ فلاور نے زمبابوے کی طرف سے67 ٹیسٹ اور221 ون ڈے میچز کھیلے، وہ اکتوبر 2010 سے اپنی قومی ٹیم کے کوچ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، پاکستانی ٹیم کو پہلے ہی غیر ملکی ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور اور فیلڈنگ کوچ جولین فائونٹین کی خدمات حاصل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔