الیکشن ٹریبونل سندھ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف40اپیلیں منظور

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 13 اپريل 2013
12اپیلیں مسترد کردی گئیں،ٹریبونل نے 13اپیلوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا، 14کی سماعت ملتوی کردی گئی.  فوٹو: فائل

12اپیلیں مسترد کردی گئیں،ٹریبونل نے 13اپیلوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا، 14کی سماعت ملتوی کردی گئی. فوٹو: فائل

کراچی: سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں 2رکنی الیکشن ٹریبونل Iنے پی ایس 128کراچی شرقی سے اہلسنّت والجماعت کے رہنما مولانااورنگزیب فاروقی کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی اپیل پر الیکشن کمیشن کو 17 اپریل کیلیے نوٹس جاری کردیا ہے۔

ٹریبونل نے جمعہ کو بھی کاغذات نامزدگی مسترد اور منظور کیے جانے کے خلاف اپیلوں کی سماعت جاری رکھی،ٹریبونل نے جمعہ کو 70اپیلوں کی سماعت کی ،متحدہ قومی موومنٹ،پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) سمیت 40امیدواروں کی اپیل منظور جبکہ 12 اپیلیں مسترد کردیں، ٹریبونل نے 13اپیلوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا اور 14اپیلوں کی سماعت ملتوی کردی،مجلس وحدت مسلمین کے سید محمد علی زیدی نے پی ایس128سے متحدہ دینی محاذ کے امیدوار مولانا اورنگزیب فاروقی کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے کے خلاف اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ مولانااورنگزیب فاروقی کا تعلق ایک کاالعدم جماعت سے ہے اوروہ آئین کی دفعات 62اور63پر پورا نہیں اترتے،

ٹریبونل نے این اے 234سانگھڑسے متحدہ قومی موومنٹ کے امیدواررسول محمد،پی ایس 76سے ڈاکٹرمحی الدین، پی ایس 62تھرپارکر سے مسلم لیگ (ف) کے رسول بخش ،این اے 225سے مسلم لیگ (ف)کے سہیل اکبر،پی ایس 95سے متحدہ قومی موومنٹ کے کاشف ملک اور دیگر کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے جبکہ پی ایس79سانگھڑ سے آزاد امیدوارمحمد سلیمان،پی ایس 49سے مسلم لیگ(ن) کے محمد نوید اقبال،پی ایس93کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کے عیسیٰ خان،پی ایس48حیدرآباد سے مسلم لیگ (ن) کے صاحبزادہ حسن فاروقی،پی ایس 48سے مسلم لیگ (ن) کے سلطان شیخ،این اے 219حیدرآباد سے اے این پی کے ماجد خان،

پی ایس27سے جے یو آئی (ف) کے کریم بخش رند،پی ایس74دادوسے آزاد امیدوار محمد بخش پنہور،پی ایس 99سے مسلم لیگ(ن)کے راحت حسین صدیقی،پی ایس104سے مسلم لیگ(ن) کے نثار شاہ، پی ایس 101 سے مسلم لیگ (ن) کی زرینہ شاہین،پی ایس 96 سے جے یو آئی (ف) کے مولاناعبدالقدیم،پی ایس 45 سے مسلم لیگ (ق) کی سیدہ تسنیم زہرہ ،پی ایس 50سے آزاد امیدوار طارق حسین کھوسو، پی ایس76سے متحدہ دینی محاذکے مولانامحمد ابراہیم،پی ایس 76سے متحدہ دینی محاذ کے مولانا عبداللہ ،پی ایس 95 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سلطان انصاری پی ایس 75، دادو سے آزاد امیدوار محمد بخش پنہور،پی ایس 91 سے آزاد امیدوار منیراحمد اور پی ایس 126پاکستان پیپلزپارٹی کے محمد الیاس گبول، کے کاغذات نامزدگی بھی بحال کردیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔