انتخابات ملتوی کرا نے کیلیے دہشت گرد سرگرم ہوگئے،ثروت اعجاز

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 13 اپريل 2013
خدمت کے جذبے کو شعار بناناہوگا، سیاسی ورکروں کا قتل لمحہ فکریہ ہے. فوٹو: فائل

خدمت کے جذبے کو شعار بناناہوگا، سیاسی ورکروں کا قتل لمحہ فکریہ ہے. فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادر ی نے کہا ہے کہ انتخابات کو ملتوی کر نے کیلیے دہشت گرد سرگرم عمل ہوگئے ہیں۔

کورنگی اور شاہ فیصل کالونی کے بعد شو مارکیٹ میں پی ایس ٹی لیاری کے سیکٹر کنوینر پر فائرنگ اور سیاسی ورکروں کا قتل لمحہ فکریہ ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے بلاتفریق ٹارگٹ کلرز اور دہشت گردوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائیں تاکہ عوام بلاخوف وخطر ووٹ کے استعمال کو یقینی بناکر یرغمالی قوتوں کو پیچھے دھکیل سکیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکز اہلسنّت پر بوہرہ پیر اورکھارادار سے آئے ہوئے معززین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک کو آگے کی طرف لیجانے کیلیے ذات پات رنگ ونسل سے بالاتر ہوکر خدمت کے جذبے کو شعار بناناہوگا، انھوں نے کہا کہ عوام ایوانوں میں صرف ان لوگوں کو منتخب کرکے آگے لائیں جو قومی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے اور توانائی کے مسائل جیسے قومی بحرانوں کو حل کرنے کاجذبہ رکھتے ہوں، سیاسی جماعتوں کو انتخابی جمہوری نظام کی اصلاح مقصود ہے تو پھر بغیر کسی لگی لپٹی کے اس کی ہر سیڑھی کو درست کرناہوگا۔

انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن جمہوریت کے راستے روکنے والے دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کرے، پاکستان سنی تحریک ملک میں جمہوریت چاہتی ہے، دہشت گردوں کا مقابلہ آئین و قانون کے ہتھیار سے کریں گے، انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بابر قادری پر قاتلانہ حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔