بھارتی جنگی طیاروں کی پاکستانی سرحد سے ملحقہ علاقوں میں ہزاروں پروازیں

ویب ڈیسک  منگل 17 اپريل 2018
جنگی مشقیں کسی ملک کے خلاف نہیں، ایئرچیف مارشل بریندرسنگھ دھنوا،فوٹو:فائل

جنگی مشقیں کسی ملک کے خلاف نہیں، ایئرچیف مارشل بریندرسنگھ دھنوا،فوٹو:فائل

نئی دہلی: جنگی جنون میں مبتلا بھارت  کے لڑاکا طیاروں نے پاکستان کی سرحد کے قریب مشقوں کے دوران گزشتہ 72 گھنٹوں میں 5 ہزار  پروازیں کی ہیں۔

خطے کا امن تباہ کرنے پر تلاُ بھارت ایک طرف ہتھیاروں کی دوڑ میں میں ساری حدیں پارکررہا تو دوسری جانب پڑوسی ممالک کی سرحدوں کے قریب جنگی مشقوں کے انعقاد پر اس کے جنگی جنون کو عیاں کردیا ہے۔ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ سے نہتے شہریوں  کو نشانہ بنانا ہو یا پھر مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کا قتل عام ، بھارت کاخطے میں امن و امان کو  برقرار رکھنے میں بڑی رکاوٹ بن گیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : بھارتی کی سرحد پر جنگی مشقیں

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے مغرب میں  پاکستانی سرحد کے قریب بڑی جنگی مشقیں کی ہیں ، ان مشقوں  میں 3 دن کے دوران جنگی طیاروں نے 5 ہزار پروازیں کی ہیں، مشقوں میں 1150 فائٹرز، ایئرکرافٹس، ہیلی کاپٹر، ڈرونز، ایئرڈیفنس میزائل حصہ لے رہے ہیں، 87-1986 کے بعد یہ اپنی نوعیت کی سب سے بڑی مشقیں ہیں۔

بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل بریندرسنگھ دھنوا  کا کہنا ہے کہ جنگی مشقیں کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ مشقوں کا مقصد حقیقی جنگ کی صورت میں اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو جانچنا ہے۔

پاکستانی سرحد کے قریب مشقوں کے بعد اب طیاروں کا رخ مشرق میں چین کی سرحد کی جانب موڑ دیا گیا ہے جہاں بھارتی بحریہ اور فضائیہ جنگی مشقیں کریں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔