دنیاکی آدھی آبادی پانی کی قلت کاشکارہے،وائس چانسلر جامعہ کراچی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 18 اپريل 2018
عالمی کانفرنس سے ڈاکٹربینوبوئراوردیگرکاخطاب،ڈاکٹربلقیس نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا
فوٹو : فائل

عالمی کانفرنس سے ڈاکٹربینوبوئراوردیگرکاخطاب،ڈاکٹربلقیس نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا فوٹو : فائل

 کراچی: یونیسکو تھائی لینڈ کے مشیرسائنس ڈاکٹر بینوبوئر نے کہا کہ دنیا میں3.6 ارب افراد پانی کی کمی کا شکارہیں،اقوام متحدہ نے اس عالمی مسئلے کانوٹس لیتے ہوئے ممالک کو نمکین پانی اور بنجر زمینوں کو قابل استعمال بنانے کا مشورہ دیا ہے۔دنیا میں موجود 97  فیصد سے زائد پانی نمکین ہے،ہیلو فائٹس کی صورت میں اس عالمی بحران سے نمٹا جاسکتا ہے۔ 

وہ جامعہ کراچی کے انسٹیٹیوٹ آف سسٹین ایبل ہیلو فائٹ یوٹیلائزیشن کے زیر اہتمام 4 روزہ عالمی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے جس کاعنوان ’’پائیدارترقی ، سبزانقلاب میں ہیلوفائٹس کا کردار‘‘ تھا، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے صدارتی خطاب میں کہاکہ پانی کے وسائل کم ہوتے جارہے ہیں اور اب دنیا کی آدھی آبادی پانی کی کمی کا شکار ہے،انھوں نے مزید کہا کہ سائنسی پروجیکٹس کی مارکیٹنگ انتہائی ضروری ہے تاکہ فنڈنگ اور سرمایہ کاری حاصل کی جاسکیں، کانفرنس سے سابق چیئرمین پاکستان سائنس فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نے بھی خطاب کیا۔

جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف سسٹین ایبل ہیلو فائٹ یوٹیلائزیشن کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر بلقیس گل نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کی قابل کاشت زمینوں میں سے تقریباً11 فیصد شورزدہ ہیں جن میں سے اکثریت ترقی پذیر ممالک جن میں بھارت  بنگلہ دیش اور پاکستان شامل ہیں ،ان ممالک کی زرعی پیدواراس مسئلے کی وجہ سے شدید خطرات ہیں،دنیا کے غریب ترین علاقے صحراسے مالامال ہیں اور نمکین پانی کے وسائل کے قریب واقع ہیں جہاں ہیلوفائٹس فارمنگ کیلیے سازگار حالات موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔