وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، ایم پی اے شوکت یوسفزئی کی دہشتگردی کیس میں عبوری ضمانت

ویب ڈیسک  بدھ 18 اپريل 2018
انسداد دہشتگردی عدالت کا ملزمان کو مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کا بھی حکم دیا فوٹو:فائل

انسداد دہشتگردی عدالت کا ملزمان کو مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کا بھی حکم دیا فوٹو:فائل

 اسلام آباد: پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں پرویز خٹک اور تحریک انصاف کے ایم پی اے شوکت یوسفزئی کی عبوری ضمانتیں منظور ہوگئیں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور ایم پی اے شوکت یوسفزئی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزمان نے سید محمد علی بخاری کے ذریعے درخواست ضمانت دائر کی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی نے درخواستوں کی سماعت کی۔

عدالت نے دونوں ملزمان کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے ایک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔ فاضل جج نے ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا بھی حکم دیا۔ شوکت یوسفزئی کیس کی سماعت 25 اور پرویز خٹک کے کیس کی سماعت 23 اپریل کو ہوگی۔

واضح رہے کہ 2014 میں تحریک انصاف اور عوامی تحریک نے اسلام آباد میں دھرنا دیا تھا۔ اس دوران مشتعل دھرنا مظاہرین نے یکم ستمبر کو پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر دھاوا بول دیا گیا تھا۔ حکومت نے اس حوالے سے عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کیے جن میں دہشتگردی کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔