ترک صدر کا ملک میں قبل از وقت عام انتخابات کرانے کا اعلان

ویب ڈیسک  بدھ 18 اپريل 2018
ترکی میں پارلیمانی اورصدارتی انتخابات ڈیڑھ سال قبل 24 جون کو ہوں گے، طیب اردوان- فوٹو؛ فائل

ترکی میں پارلیمانی اورصدارتی انتخابات ڈیڑھ سال قبل 24 جون کو ہوں گے، طیب اردوان- فوٹو؛ فائل

انقرہ: ترک صدر طیب اردوان نے ترکی میں ڈیڑھ سال قبل ہی عام انتخابات کرانے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک صدر طیب اردوان نے صدارتی محل میں اپوزیشن پارٹی ’نیشنل موومنٹ پارٹی‘ کے سربراہ ڈیوٹ باہچلی سے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے ملک میں قبل از وقت انتخابات کروانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن رہنما سے مشاورت کے بعد ترکی میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات مقررہ وقت سے تقریباً ڈیڑھ سال قبل 24 جون کو کرانے کا فیصلہ کیا۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے ہی کیا جائے گا تاہم انتخابات کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں کیوں کہ اس وقت ملک کو فوری انتخابات کی اشد ضرورت ہے۔

دوسری جانب ترکی میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کا ملک میں نافذ ایمرجنسی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایمرجنسی کی حالت میں انتخابات نہیں ہوسکتے۔

واضح رہے ترکی میں جولائی 2016 کی ناکام بغاوت کے بعد سے ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی جو اب تک برقرار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔