ایپل کی جانب سے نئے اور سستے آئی فون پیش کیے جانے کا امکان

ویب ڈیسک  جمعرات 19 اپريل 2018
کئی ویب سائٹس نے خبردی ہے کہ آئی فون سال کے وسط تک کم ازکم 10 نئے سستے ماڈل متعارف کرائے گا۔ فوٹو: فائل

کئی ویب سائٹس نے خبردی ہے کہ آئی فون سال کے وسط تک کم ازکم 10 نئے سستے ماڈل متعارف کرائے گا۔ فوٹو: فائل

سان فرانسسكو: تجزیہ کاروں اور ٹیکنالوجی کی ویب سائٹس نے عندیہ دیا ہے کہ ایپل نئے آئی فون پر کام کررہا ہے اور اس بار کم قیمت آئی فون پیش کیے جائیں گے۔

خیال ہے کہ اس بار کسی نئے آئی فون کی بجائے آئی فون ایس ای ٹو جیسے سیٹ پیش کیے جائیں گے تاہم اس میں آئی او ایس الیون کو شامل کیا جائے گا۔ ٹیک کرنچ ویب سائٹ نے اطلاع دی ہے کہ آئی فون نے یوریشیئن اکنامک کمیشن ڈیٹا بیس میں اس ہفتے کم سے کم 11 نئے فون ماڈلز کی درخواست دائر کی ہے۔ واضح رہے کہ یوریشین ڈیٹا بیس آئی فون کے اندر کی خبریں لانے میں غیر معمولی شہرت رکھتا ہے۔

تاہم ایک دوسرے ذرائع نے کہا ہے کہ آئی فون ایکس ٹو اور آئی فون ایکس ٹو پلس کے نام سے سستے ایل سی ڈی فون تیاری کے مراحل میں ہیں لیکن وہ ستمبر سے پہلے مارکیٹ میں پیش نہیں کیے جائیں گے۔ لیکن آئی فون ایس ای ٹو کے نئے ماڈلز شاید جون میں منظرِ عام پر آئیں گے جو قدرے سستے ہوں گے۔

دوسری جانب ٹیکنالوجی کی مشہور ویب سائٹ گزموڈو نے کہا ہے کہ آئی فون ایس ای آئی فون کے پرانے پرزوں سے تیار کیے جارہے ہیں جو صارفین کی جیب پر بھاری نہیں ہوں گے۔ اس طرح دو برس بعد ایپل کمپنی آئی فون ایس ای سیریز کو اپ ڈیٹ بھی کرے گی۔

گزموڈو کے مطابق ان فون کی قیمت 1000 ڈالر سے کم رکھی جائے گی اور اس طرح ایپل کمپنی  صارفین کو سرپرائز دینا چاہتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔