علاقائی امن و سلامتی کیلیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، آرمی چیف

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 19 اپريل 2018
ازبک سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری کی قیادت میں وفدکی ملاقات،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کوسراہا۔ فوٹو: فائل

ازبک سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری کی قیادت میں وفدکی ملاقات،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کوسراہا۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ علاقائی امن اور سلامتی کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ازبکستان کے صدر کی زیرنگرانی کام کرنے والی سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری لیفٹننٹ جنرل محمدوف وکٹر ولادی میرووچ کی قیادت میں ازبکستان کے حکومتی وفد نے جی ایچ کیومیں ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران سلامتی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے دہشتگردی کیخلاف جنگ اور علاقائی استحکام کیلئے پاک فوج کی مخلصانہ کوششوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا اور اسے سراہا۔ ازبکستان کے وفد نے تجارت، رابطہ کاری، سلامتی اور افواج کے مابین تعاون سمیت تمام شعبوں میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات اور تعاون کے حقیقی استعداد کار سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وفد کے جذبات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور علاقائی تعاون، امن اور استحکام کے لیے تمام اقدامات میں پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن اور سلامتی کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔