ملتان میں فاسٹ بولنگ ٹیلنٹ ہنٹ کیمپ میں 100 سے زائد کھلاڑیوں کی شرکت

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 اپريل 2013
حتمی چنے جانے والے 2 بولرز نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی میں قومی ٹیم میں شامل بولرز کے ساتھ پریکٹس کریں گے۔  فوٹو: فائل

حتمی چنے جانے والے 2 بولرز نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی میں قومی ٹیم میں شامل بولرز کے ساتھ پریکٹس کریں گے۔ فوٹو: فائل

ملتان: پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام فاسٹ بولنگ ٹیلنٹ ہنٹ کیمپ میں 100 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی جن میں سے 2 تیزترین بولرز کا انتخاب کیا جائے گا۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ميں جاری ایک روزہ کیمپ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیدار ساجد ہاشمی، سلمان گل ، وسیم حیدر اور ندیم اقبال نے ابتدائی طور پر 100 سے زائد بولروں کے ٹرائلز لئے، پہلے راؤنڈ میں 20 بولرز کو چنا گیا جب کہ دوسرے راؤنڈ میں ان میں سے صرف 2 تیز ترین بولرز کا انتخاب کیا جائے گا جو نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی میں قومی ٹیم میں شامل بولرز کے ساتھ پریکٹس کریں گے۔

واضح رہے کہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اقبال قاسم نے کہا تھا کہ پاکستان کو ماضی کی طرح بین الاقوامی معیار کے بولرز دستیاب نہیں اس لئے پی سی بی کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں خصوصی کیمپس لگائے جارہے ہیں جہاں سے مقامی سطح پر کھیلنے والے تیز بولرز کو منتخب کرکے قومی سطح پر اجاگر کرایا جائے گا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔