کراچی: سانحہ عباس ٹاؤن کے مرکزی ملزم سمیت 4 دہشتگرد جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 اپريل 2013
اسلم محسود کالعدم تحریک طالبان پاکستان خان زمان گروپ کے کراچی میں عسکری ونگ کا انچارج ہے۔ فوٹو: فائل

اسلم محسود کالعدم تحریک طالبان پاکستان خان زمان گروپ کے کراچی میں عسکری ونگ کا انچارج ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ عباس ٹاؤن کے مرکزی ملزم سمیت 4 دہشت گردوں کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

پولیس کی جانب سے اسلم محسود سمیت 4 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس کو ملزمان سے مزید تفتیش اور ان کے ساتھیوں کے بارے میں معلومات کے حصول کے لئے وقت درکار ہے، اس لئے عدالت ملزمان کو 21 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرے۔ عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے ملزمان کو 20 جنوری کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایات کردیں ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے عباس ٹاؤن بم دھماکے کے مرکزی ملزم اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان خان زمان گروپ کراچی میں عسکری ونگ کے انچارج اسلم محسود کو دیگر 3 ساتھیوں سمیت گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دھماکا خیز مواد اور دیگر اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ پولیس کے مطابق اسلم محسود نے انکشاف کیاہے کہ عباس ٹاؤن بم دھماکے میں استعمال کی جانے والی گاڑی اور بارود اسی نے فراہم کیا تھا جبکہ عباس ٹاؤن بم دھماکے میں گرفتارہونے والے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے اوران کی گرفتاری کا بدلہ لینے کے لیے بارود سے بھری گاڑی سے سی آئی ڈی گارڈن پرحملہ کرنے کامنصوبہ بنایا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔