پشاور : متنی بازار میں دھماکا، 9 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 اپريل 2013
زخمیوں میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔  فوٹو: اے پی پی

زخمیوں میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ فوٹو: اے پی پی

پشاور: نواحی علاقے متنی کے مرکزی بازار میں موجود ایک مسافر کوچ میں دھماکے سے 9 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دھماکا خیز مواد متنی کے مرکزی بازار کی شیر علی مارکیٹ کے باہر کھڑی ایک مسافر کوچ میں رکھا گیا تھا۔ دھماکے کے نتیجے میں مسافر کوچ کے علاوہ دو گاڑیوں اور 4 دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو ڈسٹرکٹ اسپتال متنی اور لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کردیا گیا ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جس کی وجہ سے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پولیس کے مطابق مسافر بس میں دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیااور اس میں 4سے 5کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

واضح رہے کہ اس علاقے میں دہشتگرد کئی بار کارروائیاں کرچکے ہیں کچھ عرصے قبل اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ پر بھی اسی علاقے میں حملہ کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔