کوئٹہ ترقیاتی پیکیج سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، وزیراعلیٰ بلوچستان

ویب ڈیسک  جمعرات 19 اپريل 2018
ترقیات سے صحت وصفائی، ماحولیات اور آمدورفت کی بہتر سہولتیں میسر آئیں گی، وزیر اعلیٰ بلوچستان (فوٹو: فائل)

ترقیات سے صحت وصفائی، ماحولیات اور آمدورفت کی بہتر سہولتیں میسر آئیں گی، وزیر اعلیٰ بلوچستان (فوٹو: فائل)

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کوئٹہ ترقیاتی پیکیج پر عمل درآمد سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور کیڈٹ کالج کے قیام سے آواران میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت کوئٹہ ترقیاتی پیکج کے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ سمیت صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق سمیت متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں کیڈٹ کالج آواران، تربت بلیدہ روڈ، ایم ایٹ اور وزیراعلیٰ پیکیج میں شامل ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، سریاب اور جوائنٹ روڈ کی توسیع اور نواں کلی بائی پاس کی تعمیر کے منصوبوں کا آئندہ چند روز میں آغاز کا فیصلہ کرتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو تمام انتظامات فوری مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئیں۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ تر قیاتی پیکج پر عمل درآمد سے صحت وصفائی، ماحولیات اور آمدورفت کی بہتر سہولتیں میسر آئیں گی، پیکیج پر عمل درآمد سے کوئٹہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور کیڈٹ کالج کے قیام سے آواران میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا ہدایت دیتے ہوئے کہنا تھا کہ منصوبوں میں تاخیر سے عوام میں احساس محرومی پیدا ہوا ہے لہذا ایم ایٹ خضدار شہداد کوٹ سیکشن پر زیر تعمیر پلوں کی تعمیر جلد مکمل کی جائے جب کہ این ایچ اے اور واپڈ ا کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرے۔

اجلاس میں خصوصی طور پر شریک کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کے تحت سڑکوں کی تعمیر وتوسیع کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کی جائے گی بلکہ منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی کو مکمل سیکیورٹی دی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔