ساف فٹبال ؛ گرین شرٹس کا 4 ستمبر کو نیپال سے ٹکراؤ

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 20 اپريل 2018
6تاریخ کو بنگلہ دیش سے مقابلہ، ٹیم8 ستمبر کو بھوٹان کیخلاف ایکشن میں دکھائی دے گی،شیڈول کا اعلان، ایونٹ میں7 ٹیمیں شریک
 فوٹو:فائل

6تاریخ کو بنگلہ دیش سے مقابلہ، ٹیم8 ستمبر کو بھوٹان کیخلاف ایکشن میں دکھائی دے گی،شیڈول کا اعلان، ایونٹ میں7 ٹیمیں شریک فوٹو:فائل

 لاہور:  ساؤتھ ایشین فٹبال ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا، 4 سے15 ستمبر تک بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکا میں شیڈول ایونٹ کا افتتاحی میچ  پاکستان اور نیپال کی   ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا گرین شرٹس دوسرے میچ میں 6 ستمبر کو میزبان بنگلہ دیش کے خلاف فتح کا عزم لیے میدان میں اتریں گے جبکہ 8 ستمبر کو پاکستان  ٹیم بھوٹان کیخلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔

تفصیلات کے مطابق ساؤتھ ایشین فٹبال ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے، ایونٹ  رواں سال 4 سے15ستمبر تک بنگلہ دیش میں ڈھاکا اسٹیڈیم کے نام سے معروف بنگا بندھو نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ایونٹ میں  مجموعی طور پر7  ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، جنھیں 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان کو میزبان بنگلہ دیش، نیپال اور بھوٹان کے ساتھ گروپ اے میں رکھا گیا ہے، گروپ بی میں دفاعی چیمپئن بھارت، مالدیپ اور سری لنکا  کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کا  افتتاحی میچ 4 ستمبر کو پاکستان اور نیپال کی   ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، اسی روز بنگلہ دیش کا مقابلہ  بھوٹان کے ساتھ رکھا گیا ہے، 5 ستمبر کو صرف ایک میچ کھیلا جائے گا۔

بھارت کی ٹیم سری لنکا کے خلاف  نبرد آزما ہوگی۔ اگلے روز 2 مقابلوں کا فیصلہ ہوگا،  نیپال کی ٹیم  بھوٹان کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ پاکستانی ٹیم  میزبان بنگلہ دیش کے خلاف فتح کا عزم لیے میدان میں اترے گی۔ 7ستمبر کو مالدیپ کا مقابلہ سری لنکا کے ساتھ  شیڈول ہے۔

8 ستمبر کو  پاکستان  ٹیم بھوٹان کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ دوسرے میچ میں  بنگلہ دیش کی ٹیم  نیپال کے خلاف میچ کھیلے گی۔ 9 ستمبر کو بھارت کا مقابلہ مالدیپ کے خلاف شیڈول ہے،  ایونٹ کے  سیمی فائنل مقابلے12سمتبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ  فائنل 15ستمبر کو شیڈول ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش تیسری مرتبہ ایونٹ کی میزبانی کریگا، اس سے قبل 2003 اور 2009 کے ایونٹس بھی بنگلہ دیش میں منعقد ہوئے تھے۔ ہر گروپ سے ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنلز کیلیے کوالیفائی کر جائیں گی۔ ایونٹ کا انعقاد ویسے تو ہر دو سال بعد ہوتا ہے، حالیہ ایونٹ گزشتہ سال دسمبر میں ہونا تھا تاہم انڈین سپر لیگ کی وجہ سے ایونٹ کو مؤخر کر دیا گیا تھا۔ بھارت کی ٹیم ساف فٹبال چیمپئن شپ میں 7 مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے جبکہ تین مرتبہ رنرز اپ بھی رہی، افغانستان، مالدیپ، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ٹائٹل حاصل کرچکی ہیں۔

ادھر بنگلہ فٹبال ٹیم کے سابق کوچ معروف الحق سیمی فائنل تک رسائی حاصل  کرنے کے لیے پُر امید ہیں، انھوں نے کہاکہ ہمارے گروپ میں سب سے مضبوط ٹیم نیپال ہے،  پاکستان باقاعدگی سے اس کھیل سے دور ہے جس کا فائدہ بنگال ٹائیگرز کو ضرور حاصل ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑی یکسوئی کے خلاف حریف سائیڈز کے خلاف کھیلنے میں کامیاب رہے تو  ہماری ٹیم آسانی سے سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔