پاکستان اسلامی فوجی اتحاد کو تربیت و معاونت دے گا

عامر خان  جمعـء 20 اپريل 2018
اسلامی فوجی اتحاد کو مزید موثر بنانے میں پاکستان کا کردار انتہائی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ فوٹو: فائل

اسلامی فوجی اتحاد کو مزید موثر بنانے میں پاکستان کا کردار انتہائی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: پاکستان نے مختلف اسلامی ممالک پر مشتمل فوجی اتحاد میں شامل فوجی دستوں کو دہشت گردی سے نمٹنے کیلیے جدید تربیت اور دیگر دفاعی شعبوں میں فنی معاونت اور ضروری وسائل فراہم کرنے پر بتدریج آمادگی کا اظہار کردیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے اس معاملے میں تعاون اپنی قومی سلامتی کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا ۔وفاقی حکومت کی جانب سے اس حوالے سے اہم امور کی منظوری وزیراعظم عسکری قیادت سے مشاورت کے بعد دیں گے۔

پاکستان اور سعودی قیادت کے مابین حالیہ دنوں میں اسلامی فوجی اتحاد کی تنظیم نو اورمربوط بنانے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت ہوئی ہے ۔سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان سے حالیہ رابطوں میں کہا گیا کہ پاکستان مختلف اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔ اس فوجی اتحاد کو دفاعی سطح پر مربوط اور مستحکم بنانے میں پاکستان کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔

وفاقی حکومت کے اہم ترین ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین حالیہ دنوں میں رابطوں میں مزید تیزی آئی ہے۔ پاکستان کی قیادت سعودی عرب اور ایران کے مابین کشیدگی کے خاتمے کیلیے بھی ماضی میں سفارتی سطح پر اہم رابطہ کاری کا کردار ادا کرچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔