معروف عالم دین جمیل راٹھور پی ایس پی میں شامل ہوگئے

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 20 اپريل 2018
آج 3 بجے کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس نزد پنجاب چورنگی پر احتجاجی مظاہرے کا اعلان۔ فوٹو : پی پی آئی

آج 3 بجے کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس نزد پنجاب چورنگی پر احتجاجی مظاہرے کا اعلان۔ فوٹو : پی پی آئی

 کراچی:  معروف عالم دین اور مذہبی اسکالر جمیل راٹھور نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پی ایس پی میں شمولیت اختیار کر لی۔

جمیل راٹھور نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان جمعرات کو پی ایس پی کے چیئرمین سید مصطفی کمال اور صدر انیس قائم خانی کے ہمراہ پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کیا۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہاکہ ایم کیوایم اور پیپلز پارٹی مل کر شہر میں لسانی فسادات کرانے کی سازش کررہے ہیں۔ سندھ یونیورسٹی میں اردو لکھنے پر پابندی سندھیوں کے خلاف سازش ہے، تختیوں پر سندھی لکھ دینے سے تعلیم کا معیار بہتر نہیں ہوجائے گا۔ وزیراعلیٰ، گورنر اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ یونی ورسٹی کے وائس چانسلر کو برطرف کرکے تحقیقات کرائی جائے۔

مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ پی ایس پی آج (جمعہ 20 اپریل کو کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس نزد پنجاب چورنگی پر سہ پہر 3 بجے پرامن احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ انھوں نے کہاکہ آج پی ایس پی کے لیے بہت بڑا دن ہے کیونکہ آج بہت ہی معتبر شخصیت ، ملک کے دانشور صدیق راٹھور کے صاحبزادے ڈاکٹر جمیل راٹھور پی ایس پی کے قافلے میں شامل ہورہے ہیں۔

مذہبی اسکالرجمیل راٹھور نے کہاکہ ہم لسانی تعصب اور فرقہ وارانہ سیاست کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں۔ انیس قائم خانی نے کہاکہ میں وزیراعلیٰ کو دعوت دیتاہوں کہ وہ ہمارے مظاہرے میں شرکت کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔