ماہرہ خان بھی جنسی ہراسانی کیخلاف بول پڑیں

ویب ڈیسک  جمعـء 20 اپريل 2018
کچھ اداکار میشا شفیع کو درست قرار دے رہے ہیں جب کہ کچھ لوگ علی ظفر کے ساتھ کھڑے نظر آرہے ہیں فوٹوفائل

کچھ اداکار میشا شفیع کو درست قرار دے رہے ہیں جب کہ کچھ لوگ علی ظفر کے ساتھ کھڑے نظر آرہے ہیں فوٹوفائل

کراچی: نامورپاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے میشا شفیع کی جانب سے علی ظفر پر جنسی ہراسانی کے الزام پر کہا ہے کہ اس مسئلے پر سنجیدگی سے بات کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع نے گزشتہ روز ایک ٹویٹ میں علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا سنگین الزام لگایا تھا۔ میشا شفیع کے الزامات کے بعد سوشل میڈیا پر دیگر فنکاروں کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: میشا شفیع کا علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام

اداکارہ ماہرہ خان نے بھی اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔ تاہم انہوں نے میشا شفیع یا علی ظفر کا نام لیے بغیر سوشل میڈیا پر جنسی ہراسانی جیسے سنجیدہ معاملے پر تبصرے کرنے والے لوگوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ بیمار ذہنیت والے اس معاملے پر تبصرہ کررہے ہیں جس سے ظاہر ہے کہ مسئلہ دراصل ان کے دماغوں میں ہے۔ اگر ہم اس معاملے کو تبصرے کرکے کمزور کرتے رہیں گے تو یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز میشا شفیع نے علی ظفر پر انہیں ایک سے زائد بار جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔ میشا شفیع کے الزامات پر سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ شوبز سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: جنسی ہراسانی الزام، مایا علی بھی بول پڑیں

جنسی ہراسانی کے الزامات پر کچھ اداکار میشا شفیع کو درست قرار دے رہے ہیں جب کہ کچھ لوگ علی ظفر کے ساتھ کھڑے نظر آرہے ہیں تاہم ایک بات جس پر تمام لوگ متفق ہیں وہ ہے کہ واقعے کی مکمل طور پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔