سنیل گروور سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ میں کاسٹ 

ویب ڈیسک  جمعـء 20 اپريل 2018
سنیل گروور کے کامیڈی شو نے ناظرین کے دل جیت لیے۔ فوٹو: فائل

سنیل گروور کے کامیڈی شو نے ناظرین کے دل جیت لیے۔ فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کامیڈین واداکار سنیل گروور اپنے نئے شو ’ دھن دھنا دھن‘ کی کامیابی کے بعد سلمان خان کی ’بھارت‘ میں جلوہ گر ہوں گے۔

بھارت کے مقبول ترین شو ’کامیڈی نائٹ ود کپل‘ میں گتھی اور ڈاکٹر مشہور گولاٹی کے کرداروں سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے اداکار سنیل گروور کپل شرما سے لڑائی کے بعد پے در پے کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں، کپل شرما سے ناراضگی اور ’دی کپل شرما شو‘ کے بند ہوجانے کے بعد جہاں کپل کو دوسرے شو میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا وہی سنیل گروور کے شو ’دھن دھنا دھن‘ کو خوب پذیرائی مل رہی ہے۔

سنیل گروور کی بڑھتی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے انہیں ہدایت کار وشال بھردواج نے اپنی کامیڈی فلم ’چُھریاں‘ میں مرکزی کردار میں کاسٹ کیا جو ان کی دوسری سولو فلم ثابت ہوگی، اگرچہ وہ ’گجنی‘ ، ’ہیروپنتی، ’ضلع غازی آباد‘، گبر از بیک اور باغی جیسی کامیاب فلموں میں کام کرچکے ہیں لیکن ان میں وہ مختصر کردار میں ہی دکھائی دیے جب کہ ان کی پہلی فلم ’کافی ود ڈی‘ ناکامی سے دوچار ہوئی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیل گروور کو اب بالی ووڈ کے سلطان کی فلم ’بھارت‘ میں کاسٹ کرلیا گیا ہے جہاں وہ سلمان خان کے قریبی دوست کا کردار ادا کریں گے جب کہ ان کا یہ کردار ان کی اب تک کی تمام فلموں سے دلچسپ اور اہم ہوگا۔

کپل شرما کی سابقہ گرل فرینڈ اور سنیل گروور کی کریٹو ڈائریکٹر پریتی سوموز نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے اداکار کو مبارکباد دی اور کہا کہ انتہائی محنت اور صبر کے ساتھ مثبت سوچ تمہیں اپنی منزل اور مقصد کے قریب لارہی ہے جو تم حاصل کرنا چاہتے ہو۔ سلمان خان کے ساتھ فلم کرنے پر پریتی نے سنیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ داصل تم اب ایک خوش قسمت انسان ہو۔

واضح رہے کہ فلم ’بھارت‘ سلمان خان کی اب تک کی سب سے بڑی بجٹ کی فلم ہوگی جو 2018 میں عید کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔