مودی کے الزامات پر چین پاکستان کے دفاع میں سامنے آگیا

ویب ڈیسک  جمعـء 20 اپريل 2018
نریندر مودی نے پاکستان کو دہشت گردوں کی فیکٹری قرار دیتے ہوئے دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کے الزامات عائد کیے ہیں(فوٹو: فائل)

نریندر مودی نے پاکستان کو دہشت گردوں کی فیکٹری قرار دیتے ہوئے دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کے الزامات عائد کیے ہیں(فوٹو: فائل)

بیجنگ: چین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے الزامات پر پاکستان کا دفاع کرتے ہوئے بھارت کو کرارا جواب دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے نریندر مودی کی جانب سے پاکستان کو دہشت گردوں کی فیکٹری قرار دینے اور دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کے الزامات کے جواب میں کہا ہے کہ اسلام آباد کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کو نہ صرف سراہنا چاہیے بلکہ اس کے خاتمے کے لیے تعاون بھی کرنا چاہیے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہوا چیونگ نے کہا کہ دہشت  گردی ایک دشمن ہے جس کا سب کو سامنا ہے،عالمی برادری کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل جل کرکام کرنا چاہیے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے، پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جو اقدامات اٹھائے ہیں ان کی ستائش کی جائے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد میں اپنا حصہ شامل کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی وزیراعظم مودی کی لندن آمد پر احتجاج و مظاہرے

شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کے آئندہ ہفتے اجلاس سے متعلق ترجمان نے بتایا کہ  سیکیورٹی اور اس سے متعلقہ امور کو ایجنڈے میں ترجیح دی جائے گی، جب سے ایس سی او کا قیام عمل میں آیا ہے سیکیورٹی اس کا نصب العین رہا ہے اور جب آئندہ اجلاس میں تنظیم  کے رکن ممالک کے وزرائے اعظم بیٹھیں گے تو سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

واضح رہے کہ لندن میں ایک تقریب کے دوران نریندر مودی نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے نہ صرف پاکستان پر دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کا الزام عائد کیا تھا بلکہ پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کا جھوٹا دعویٰ بھی کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔