کیریبیئن پریمیئر لیگ: حفیظ صلاحیتوں کے جوہر دکھائینگے

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 14 اپريل 2013
ویسٹ انڈیز میں ورلڈ ٹوئنٹی 20کھیلنے کا تجربہ کارآمدرہے گا ، پاکستانی آل رائونڈر. فوٹو: اے ایف پی/فائل

ویسٹ انڈیز میں ورلڈ ٹوئنٹی 20کھیلنے کا تجربہ کارآمدرہے گا ، پاکستانی آل رائونڈر. فوٹو: اے ایف پی/فائل

لاہور: محمد حفیظ کیریبیئن پریمیئر لیگ میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے، پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کپتان نے29جولائی سے 26اگست تک شیڈول ایونٹ میں شرکت پر حامی بھر لی۔

رکی پونٹنگ ، ایڈم گلکرسٹ اور روس ٹیلر پہلے ہی بطور انٹرنیشنل فرنچائز کرکٹر معاہدہ کرچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آل رائونڈر محمد حفیظ اب ویسٹ انڈین سرزمین پر صلاحیتوں کا اظہار کرتے دکھائی دیں گے،آل رائونڈر انٹرنیشنل ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں ہزار سے زائد رنز بنانے والے 8 کھلاڑیوں میں شامل ہونے کیساتھ 96 وکٹیں بھی حاصل کرچکے، اس سے قبل غیر ملکی کرکٹرز رکی پونٹنگ، ایڈم گلکرسٹ اور روس ٹیلر بھی سی پی ایل کو جوائن کرچکے۔

میزبان ملک کے کرس گیل، ڈیرن سیمی، ڈیوائن براوو، سنیل نارائن کیرون پولارڈ اور مارلون سیموئلز بھی 15فرنچائز کیلیے درکار 90پلیئرز کی فہرست میں موجود ہیں۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہاکہ ویسٹ انڈیز میں ورلڈ ٹوئنٹی 20کھیلنے کا تجربہ سی پی ایل میں بھی کارآمد ہوگا، کیریبیئن میدانوں پر صلاحیتوں کے اظہار کیلیے بے تاب ہوں، انھوں نے کہا کہ ویسٹ انڈین عوام کرکٹ کے شیدائی ہیں اور فرنچائز ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرینگے۔

امید ہے کہ ایونٹ کے دوران پاکستان اور دنیا بھر کے شائقین میرا کھیل خصوصی دلچسپی سے دیکھتے ہوئے مقابلوں سے لطف اٹھائینگے۔ یاد رہے کہ سی پی ایل کی ہر فرنچائز ٹیم میں 4 انٹرنیشنل کرکٹرز شامل کرنے کی اجازت ہوگی باقی کھلاڑی مقامی ہونگے، منتظمین کے مطابق مزید غیر ملکی پلیئرز کیساتھ معاہدوں کا سلسلہ جاری ہے، معاملات طے پانے کے بعد ناموں کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔