میرا فلم انڈسٹری میں جنسی استحصال پر کتاب لکھیں گی

شوبز رپورٹر  ہفتہ 21 اپريل 2018
انڈسٹری میں ہرلڑکی کو بلیک میل کیا جاتا ہے، کتاب میں راز فاش کروں گی، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

انڈسٹری میں ہرلڑکی کو بلیک میل کیا جاتا ہے، کتاب میں راز فاش کروں گی، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  فلم اسٹارمیرا نے فلم انڈسٹری میں لڑکیوں کے ساتھ ہونے والے جنسی استحصال بارے کتاب لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اداکارہ میرا نے ’’ایکسپریس‘‘سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فلم انڈسٹری میں ہر لڑکی کو بلیک میل کر کے زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور یہاں خواتین کے ساتھ وہ کچھ ہوتا جو ناقابل بیان ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بازار حسن کے علاوہ اچھی فیملی سے تعلق رکھنے والی لڑکیاں یہاں آنا پسند نہیں کرتیں۔

میرا کا کہنا تھا کہ میں اس بارے میں بہت جلد کتاب لکھوں گی جس میں وہ تمام راز افشا کروں گی جو آج تک میرے سینے میں دفن ہیں، میری کتاب میں بہت سے ایسے لوگوں کے چہرے سامنے آئیں گے، جوبظاہربہت شریف ہیں۔ اور جب میرا منہ کھلے گا پھر سب کے منہ بند ہوجائیں گے اور لوگوں کے سامنے تمام حقائق آئیں گے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ شوبز کی لڑکیوں کو جنسی طور پر نہ صرف پاکستان بلکہ انڈیا میں بھی ہراساں کیا جاتا ہے لیکن پہلے لڑکیاں خاموش رہتی تھیں اوراب وہ بولنا شروع ہوگئی ہیں اور میرے خیال میں یہ بالکل درست ہے جو لوگ شوبز کی لڑکیوں کے ساتھ ایسا کرتے ہیں ان کے بارے میں سب کو پتہ چلنا چاہیے تاکہ دوبارہ کسی کو ایسا کرنے کی ہمت نہ ہو۔

میرا نے کہا کہ شوبز کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں میں بھی یہ سلسلہ بہت پرانا ہے۔ مگراب سوشل میڈیا کی بدولت خواتین کوآواز بلند کرنے کا ایک بہترین سہارا میسر آچکا ہے اوراب اس سے خواتین کو بہت فائدہ پہنچے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔