موسم کی مہربانی؛ گرین کیپس کو لاہور میں ہی انگلش کنڈیشنز میسر

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 21 اپريل 2018
نیٹ پر بیٹنگ کے دوران رننگ پریکٹس بھی جاری رہی، شاداب فلو کی وجہ سے غیرحاضر،دیگر بولرز نیٹ پر سرگرم رہے۔ فوٹو: فائل

نیٹ پر بیٹنگ کے دوران رننگ پریکٹس بھی جاری رہی، شاداب فلو کی وجہ سے غیرحاضر،دیگر بولرز نیٹ پر سرگرم رہے۔ فوٹو: فائل

 لاہور: موسم کی مہربانی سے گرین کیپس کو لاہورمیں ہی انگلش کنڈیشنز میسر آگئیں.

دورئہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کی تیاری کیلیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری تربیتی کیمپ کے دوران گذشتہ روز موسم خاصا خوشگوار رہا،جمعرات کو سخت گرمی کے بعد رات کو بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہی، لاہور میں کئی مقامات پر ہونے والی ہلکی بارش کے بعد ہوا میں خنکی آگئی، گرین کیپس کو غیر متوقع طور پر ملک میں ہی انگلش کنڈیشنز میسر آگئیں۔

آسمان پر بادلوں کے سائے میں چلتی تیزٹھنڈی ہواؤں میں فٹنس اور فیلڈنگ ڈرلز پر خصوصی توجہ دی گئی،جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے نئے فزیو اینڈریو کلف ڈکن نے کھلاڑیوں کو وارم اپ اور جسمانی لچک کیلیے ورزشیں کرانے کے بعد شارٹ اسپرنٹس میں سرگرم رکھا، بھاگتے بھاگتے جھک کر ہاتھوں سے پیر کو چھونے کا ٹاسک بھی دیا گیا،کمر پر رسہ باندھ کر مخالف سمت میں چلنے کا سلسلہ جاری رہا.

فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن نے انگلش کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہوا میں تیرتے ہوئے رخ بدلتی گیندوں پر کیچنگ پریکٹس کرائی، اس مشقت نے فیلڈرز کی مستعدی کا خوب امتحان لیا،کپتان سرفراز احمد نے وکٹ کیپنگ گلوز پہن کر اسٹیورکسن کی مدد سے تیز ہوا کی وجہ سے اونچی، نیچی رہ جانے والی گیندوں پر قابو پانے کا طویل سیشن کیا۔

بعد ازاں سنگل وکٹ کے پیچھے کھڑے ہوکر ایک معاون بیٹسمین کی طرف سے اچانک چھوڑی جانے والی گیندوں پر کیچ اور رن آؤٹ کرنے کی مشق بھی کرتے رہے،بولرکی ذمہ داری رکسن نے نبھائی،وہ ساتھ ساتھ سرفراز احمد کی غلطیوں کی نشاندہی بھی کرتے رہے، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے مڈل آرڈر کو مستحکم بنانے پر توجہ دی۔

بولنگ مشین سے پھینکی گئی تیز گیندوں پر اسد شفیق، بابر اعظم اور حارث سہیل نے اپنی ٹائمنگ بہتر بنائی، گرانٹ فلاور نے تھروئنگ باسکٹ کی مدد سے تواتر کے ساتھ آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیندیں پھینک کر بیٹسمینوں کو فٹ ورک بہتر بنانے کیلیے مشورے دیے۔

عثمان صلاح الدین اور سعد علی نے دفاعی اسٹروکس کھیلنے پر توجہ دی، نیٹ پر بیٹنگ کے دوران وکٹوں کے درمیان دوڑنے کی پریکٹس بھی جاری رہی، شاداب خان فلو کی وجہ سے ٹریننگ نہ کرسکے،ٹیم ذرائع کے مطابق لیگ اسپنر کو ہلکا بخار بھی ہے۔

دیگر بولرز نیٹ پر سرگرم رہے،محمد عامر، حسن علی اور راحت علی بولنگ کوچ اظہر محمود کی توجہ کا مرکز بنے، حارث سہیل نے اسپن بولنگ کا جادو بھی جگایا، بابر اعظم نے چند اوورز کیے،اظہر محمود نے بولرز کو ہوا کا بہتر استعمال کرنے کے لیے مشورے دیے، 3روزہ تربیتی کیمپ اتوار کو ختم ہوجائے گا، قومی ٹیسٹ ٹیم اتوار اور پیر کی درمیانی شب انگلینڈ روانہ ہوگی۔

پہلا پریکٹس سیشن بدھ کو مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے9سے ساڑھے 12بجے تک کینٹ میں ہوگا، بعد ازاں کپتان سرفراز احمد ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ہمراہ پریس کانفرنس کریں گے۔

پہلا 4روزہ وارم اپ میچ کینٹ کیخلاف 28اپریل سے یکم مئی،دوسرا میزبان نارتھمپٹن شائر کے ساتھ 4سے 7مئی تک ہوگا،آئرلینڈ لینڈ کیخلاف واحد ٹیسٹ 11مئی کو ڈبلن میں شروع ہوگا، بعد ازاں لیسٹر شائر میں ایک ٹور میچ اور انگلینڈ کیخلاف 2طویل فارمیٹ کے میچز بھی شیڈول ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔