علی ظفر اور میشا شفیع کی مائیں بھی میدان میں آ گئیں

خبر ایجنسیاں  ہفتہ 21 اپريل 2018
ریحام اور عائشہ گلالئی میشا شفیع کی حامی، مرد کی بھی عزت ہوتی ہے، والدہ علی ظفر۔ فوٹو: فائل

ریحام اور عائشہ گلالئی میشا شفیع کی حامی، مرد کی بھی عزت ہوتی ہے، والدہ علی ظفر۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: گلوکار علی ظفر پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کرنے والی گلوکارہ میشا شفیع کی حمایت میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان اور تحریک انصاف کی منحرف ایم این اے عائشہ گلالئی بھی میدان میں آ گئیں۔

ریحام خان نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے اس باہمت خاتون پر فخر ہے۔ یہ میری راک اسٹار ہے۔ ایسی خواتین کو مزید طاقت ملے جو ایسی شکایتوں یا ایسے رویوں کیخلاف اْٹھ کھڑی ہوتی ہیں۔

دوسری طرف عائشہ گلالئی نے اپنے ٹو ئٹر پیغام میں اس بات پر خوشی کا اظہار کرتے ہو ئے کہا ہے کہ خواتین نے خاموشی توڑی اور جنسی ہراسگی کے خلاف کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنسی ہراساں کرنے والوں کے نام منظر عام پر لائے جانے چاہئیں اور انہیں سخت سرا دینی چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس عائشہ گلالئی نے اس وقت ملکی سیاست میں ہلچل مچادی تھی جب انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر جنسی ہراسگی کا الزام عائد کیا تھا۔ عمران خان پر الزامات عائد کرنے کے بعد عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف کو خیر باد کہہ کر اپنی سیاسی پارٹی ’ تحریک انصاف گلالئی‘ قائم کرلی تھی۔

دریں اثنا گلوکارہ میشا شفیع کے بعد مزید3خواتین نے بھی علی ظفر پر جنسی ہراس کا الزام عائد کردیا۔ سوشل میڈیا پر پیغامات میں ان خواتین نے گلوکار پر نازیبا حرکات کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ میشا شفیع نے خاموشی توڑ کر بہادری کا کام کیا ہے۔

لاہور کی ایک خاتون لیکچرار ماہم جاوید نے علی ظفر پر الزام لگایا کہ کئی سال قبل گلوکار نے زبردستی ان کی کزن کے قریب آنے کی کوشش کی۔ شوبز سے وابستہ ایک میک اپ آرٹسٹ لیناغنی نے دعویٰ کیا کہ کئی مواقع پرعلی ظفر نے حد سے تجاوز کیا اور اخلاق سے گری گفتگو کی۔

خاتون بلاگر حمنہ رضا نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر الزام عائد کیا کہ ایک تقریب کے دوران علی ظفر نے سیلفی لیتے ہوئے ان سے غیر اخلاقی حرکت کی تھی۔

دریں اثنا معروف اداکارہ وماڈل عائشہ عمر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھی جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔ فلمسٹار نور نے کہا ہے کہ شوبز سے وابستہ خواتین اگر جنسی ہراساں کرنے والوں کے نام لیں دیں تو اگلے ہی دن نا جانے کتنے لوگوں کی طلاق ہو جائے۔ واضح رہے کہ علی ظفراورمیشاشفیع کے معاملے نے شوبز انڈسٹری کے مختلف فنکاروں کوتقسیم کردیاہے۔

سوشل میڈیا پرجہاں بہت سے معروف فنکاروں نے علی ظفرکی شخصیت کوپارسا قراردیاہے، وہیں بہت سے لوگ میشاشفیع کی جراٗت کو سلام کر رہے ہیں۔ ۔ معروف اداکار فخرعالم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس اہم مسئلے پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ میں میشا شفیع اور علی ظفر دونوں کو جانتا ہوں ،میں امید کرتا ہو ں کہ یہ ایک غلط فہمی ہو ۔

علی ظفر کی آنے والی پاکستانی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ میں ان کی کوسٹار مایا علی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر علی ظفر کے ٹویٹ کے اسکرین شاٹ کے ساتھ لکھا کہ میں کسی کو غلط نہیں کہہ رہی لیکن مجھے کبھی علی ظفر کے رویے سے ایسا محسوس نہیں ہوا۔ اسی طرح صنم تاثیر نے بھی علی ظفر کی حمایت میں ٹویٹ کیا۔

مزید براں گلوکارہ میشا شفیع اور اداکار علی ظفر کے درمیان جنسی ہراس کے معاملے پردونوں کی مائیں بھی میدان میں آ گئیں۔ میشا شفیع کی والدہ اداکارہ صبا حمید نے کہا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی مکمل سپورٹ کرتی ہیں جبکہ علی ظفر کی والدہ ڈاکٹر کنول نے کہا ہے کہ مرد کی بھی عزت ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔