لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش اور ژالہ باری موسم سرد ہو گیا

فصلوں اور باغات کو نقصان، مری، ایوبیہ، میں اپریل میں برف باری کا35 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ فوٹو: فائل

فصلوں اور باغات کو نقصان، مری، ایوبیہ، میں اپریل میں برف باری کا35 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ فوٹو: فائل

 لاہور /  اسلام آباد / پشاور / کوئٹہ: لاہور سمیت پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، آزادکشمیر، استور، ملتان، خانیوال، مری، گلیات، لاہور، گوجرہ ،گوجرانوالہ، بنوں بھکر، اٹک ، ہزارہ ، کوہستان ، گلگت بلتستان ، پنڈی بھٹیاں، ڈیرہ غازی خان، شیخوپورہ شورکورٹ کینٹ ، بہاولپور ، بوریوال، اپتوکی، چکوال، قصور، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت مختلف علاقوں میں جمعرات کی رات سے جاری بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں رات بھر جاری رہنے والی بارش کا سلسلہ جمعہ کی صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہا، ننکانہ صاحب میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔

ساہیوال ، ہڑپہ ،کسووال، نورشاہ، اقبال نگر، غازی آباد سمیت مختلف حصوں میں بارش سے موسم سرد ہوگیا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں بھی جمعہ کی صبح سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

جڑواں شہروں میں گزشتہ3روز سے جاری بارشوں سے راول، سملی اور خان پور ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، مری، گلیات، ایوبیہ، نتھیاگلی اورٹھنڈیانی میں اپریل کے مہینے میں برفباری کا 35 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، برف باری سے لطف اندوزہونے کیلیے سیاحوں نے گلیات میں ڈیرے جما لیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔