فیڈرل بی ایریا،فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالا دکان دارسپردخاک

اسٹاف رپورٹر  اتوار 14 اپريل 2013
 کسی جماعت سے تعلق نہیں تھا،بہنوئی،مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی،پولیس.  فوٹو: فائل

کسی جماعت سے تعلق نہیں تھا،بہنوئی،مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی،پولیس. فوٹو: فائل

فیڈرل بی صنعتی ایریا میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق بسمہ اﷲ کول سینٹر کا مالک لیاقت آباد سی ون ایریا میں سپرد خاک کردیا گیا۔

مقتول حبیب اﷲ کی8 ماہ قبل شادی ہوئی تھی، فائرنگ میں جاں بحق ہونے والے ملازم کی میت فیصل آباد روانہ کردی گئی ، تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی صنعتی ایریا میں دکان پر فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے بسمہ اﷲ کول سینٹر کے مالک ایس بی ون فرسٹ فلور کے رہائشی30 سالہ حبیب اﷲ قریشی کی نماز جنازہ لیاقت آباد سی ون ایریا میں واقع قبرستان سے متصل مسجد میں بعد نماز عصر ادا کی گئی، نماز جنازہ میں مقتول کے اہلخانہ، عزیز و اقارب اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شر کت کی، نماز جنازہ کے بعد مقتول کو لیاقت آباد سی ون ایریا میں واقع قبرستان میں آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔

مقتول حبیب اﷲ کے بہنوئی مسعود ملک ولد مقصود ملک نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھا اور مقتول کی8 ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی، انھوں نے بتایا کہ مقتول کے 2 بھائی بیرون ملک مقیم ہیں جبکہ مقتول اپنے نابینا والد کے ہمراہ رہائش پذیر تھا، انھوں نے بتایا کہ مقتول کا کسی سیاسی و مذہبی جماعت سے کوئی تعلق نہیں تھا اور نہ ہی کسی کوئی دشمنی تھی، وہ صرف اپنے کاروبار سے دلچسپی رکھتا تھا۔

مقتول انتہائی خوش اخلاق اور ملن سار تھا، فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والا ڈیفنس فیز8 کا رہائشی زاہد الیکٹریشن کی حیثیت سے دکان پر کام کیا کرتا تھا، مقتول کی میت آبائی علاقے فیصل آباد روانہ کردی گئی ہے، فیڈرل بی صنعتی ایریا میں بسمہ اﷲکول سینٹر کے مالک اور ملازم کے قتل کا مقدمہ الزام نمبر 34/2013 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے، واضح رہے کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ایف ایریا بلاک21 میں واقع گلشن امین میں بسمہ اﷲ کول سینٹر پر فائرنگ کے نتیجے میں دکان کا مالک حبیب اﷲ اور ملازم زاہد ہلاک ہو گیا تھا، حبیب اﷲ کا آبائی تعلق فیصل آباد سے تھا جبکہ مقتول زاہد گلشن امین کا ہی رہائشی تھا۔

ایس ایس پی گلبرگ ٹائون عامر فاروقی نے ایکسپریس کو بتایا کہ دکان پر ایک ملزم نے فائرنگ کی ہے، جس دکان پر فائرنگ کی گئی وہ گلشن امین کے کافی اندر جا کر واقع ہے، انھوں نے بتایا کہ دکان کا ملازم زاہد کراچی میں اکیلا رہائش پزیر تھا جبکہ حبیب اﷲ کے اہلخانہ نے پولیس کو کچھ نہیں بتایا ہے، فائرنگ میں جاں بحق ہونے والا حبیب اﷲ کہیں سے اے سی کی سروس کر کے دکان پر پہنچا ہی تھا کہ نامعلوم ملزم نے فائرنگ کر کے اسے اور ملازم کو قتل کردیا، انھوں نے بتایا کہ واقعہ بھتہ خوری یا ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ معلوم نہیںہوتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔