دہشتگردوں کے بجائے ہمارے دفاترپرچھاپے مارے جارہے ہیں،متحدہ

ایکسپریس ڈیسک  اتوار 14 اپريل 2013
دہشت گردی کے ماحول میں شفاف الیکشن کے بے خوف وخطر انعقادکی امیدکیسے ہوسکتی ہے۔ فوٹو: فائل

دہشت گردی کے ماحول میں شفاف الیکشن کے بے خوف وخطر انعقادکی امیدکیسے ہوسکتی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں شدت پسنددہشتگردوں کی بڑھتی ہوئی کارروائیوںکی سخت مذمت کی ہے اور نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ عام انتخابات 2013پرامن ،محفوظ کوآزاداورصاف وشفاف بنانے کیلیے شہرکراچی میں انتہاپسنداور جرائم پیشہ دہشت گردوں کو لگام دی جائے اوران کی کمین گاہوں کا خاتمہ کیا جائے۔

ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی میں کالعدم تنظیموں اورجرائم پیشہ دہشتگردوں کی مذموم کارروائیاں تسلسل کے ساتھ نہ صرف ملکی بلکہ عالمی میڈیامیں نمایاں طورپرشائع ہورہی ہیں تاہم یہ امرانتہائی افسوسناک ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کے بجائے الٹاکراچی کے پرامن علاقوں کے محاصرے کرکے ایم کیوایم کے دفاترپرچھاپے مارکارروائیاں اور گرفتاریاں کررہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

گزشتہ روزسی آئی ڈی پولیس کے ہاتھوں منگھو پیرسے گرفتار ہونے والے دہشت گردجو عباس ٹائون میں بم دھماکے میں ملوث تھے انھوں نے دوران تفتیش ایم کیوایم کے مرکزنائن زیرواور امریکی قونصل خانہ سلطانہ آبادکونشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کابھی انکشاف کیاہے۔رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ گزشتہ روز حیدرآبادمیں ایم کیوایم کے امیدوار فخر الاسلام کوبھی انتہاپسند دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے بیدردی سے شہیدکردیا جس کے باعث عوام و کارکنان میں شدید غم وغصہ پایاجاتاہے اوروہ یہ سمجھنے پرمجبور ہیں کہ حکومت وانتظامیہ نے عوام کوان دہشت گردوں کے رحم وکرم پرچھوڑدیاہے ۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ انتہاپسندی اوردہشت گردی کے ماحول میں اس بات کی امیدکیسے رکھی جاسکتی ہے کہ عام انتخابات2013کاانعقاد صاف و شفاف طریقے اور بغیر خوف و خطر ہوجائے گا۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اگردہشت گردی کے واقعات کونظرکیاجاتا رہا اوراسی طرح غیر منطقی طور پر شفاف و صاف الیکشن کے انعقاد کے محض دعوے کیے جاتے رہے تو یہ بھی ملک کے مطلوم عوام کودھوکہ دینے کے مترادف ہے۔

رابطہ کمیٹی نے صدرزرداری ، نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو اور نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب سے مطالبہ کیاکہ ملک کے استحکام اورآزاد عام انتخابات کے انعقادکویقینی بنانے کیلیے دہشت گردی ملوث کالعدم تنظیموں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے اور عوام کو پرامن اور آزاد انتخابی ماحول فراہم کیاجائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔