10 جماعتی اتحاد مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے، شرجیل انعام میمن

اسٹاف رپورٹر  اتوار 14 اپريل 2013
ٹھٹھہ کے سابق یوسی ناظم قاسم چانڈیو اورامیر شاہ کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان   فوٹو: فائل

ٹھٹھہ کے سابق یوسی ناظم قاسم چانڈیو اورامیر شاہ کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات و سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ10 جماعتی اتحاد مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے اور اس اتحاد کا بھی حال ماضی کے 9 ستاروں والے اتحاد جیسا ہوگا۔

شیرازی لوٹے ہیں، پیپلز پارٹی ٹھٹھہ سے کلین سویپ کرے گی، وہ ہفتہ کو پیپلز پارٹی میڈیا سیل میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، ان کے ہمراہ ٹھٹھہ سے سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 88 پر پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار اویس مظفر بھی موجود تھے، اس موقع پر ٹھٹھہ کے شیرازی گروپ سے تعلق رکھنے والے سابق یو سی ناظم حاجی قاسم چانڈیو اور سید امیر شاہ نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ شیرازی گروپ کو چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے، کوئی جماعت اس کا مقابلہ نہیں کرسکتی، انھوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کے خلاف سازشیں کی گئیں اور یہ سازشیں اب بھی جاری ہیں لیکن ان سازشوں کا عوام کی طاقت کے ذریعے بھرپور مقابلہ کیا جائے گا ، انھوں نے کہا کہ ٹھٹھہ کے شیرازی برادران لوٹے ہیں ان کا انتخابی نشان بھی لوٹا ہونا چاہیے، 10جماعتی اتحاد کے حوالے سے سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ 10 جماعتی اتحاد میں پہلے20 جماعتیں شامل تھی، اب یہ کم ہوکر 10 ہوگئی ہیں اور جلد یہ اتحاد سکڑ کر2 جماعتوں تک محدود ہوجائے گا اور اس اتحاد کا حال بھی 9 ستاروں کے اتحاد جیسا ہی ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ٹھٹھہ میں شیرازی برادران کو وائٹ واش کردیں گے اور ٹھٹھہ میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کلین سوئپ کرے گی، انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی کے خلاف سازشیں نہیں کرتی بلکہ ہم جمہوری انداز میں سیاست کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ سندھ کا آئندہ وزیر اعلیٰ بھی پیپلز پارٹی کا جیالا ہوگا ، اس موقع پر ٹھٹھہ سے سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 88 پر پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار اویس مظفر نے کہا کہ انھوں نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے، انھوں نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کے منشور کے مطابق عوام کی خدمت کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔