بعض قوتیں انتخابات ملتوی کرانیکی سازشیں کر رہی ہیں، سلیم ضیا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 14 اپريل 2013
  ووٹر لسٹیں جاری نہ ہونے کے باعث امیدواروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے. فوٹو: فائل

ووٹر لسٹیں جاری نہ ہونے کے باعث امیدواروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے. فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکریٹری سلیم ضیا ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ بعض قوتیں الیکشن کمیشن اور عدلیہ پر دبائو ڈال کر انتخابات کو ملتوی کرانے کی سازشیں کر رہی ہیں لیکن ان سازشوں کو عوام کے تعاون سے ناکام بنا دیا جائے گا ۔

وہ ہفتہ کو پریس کلب میں پریس کانفرنس کررہے تھے ،سلیم ضیا نے کہا کہ ملک کا مستقبل انتخابات سے وابستہ ہے اور عام انتخابات کا بروقت انعقاد ضروری ہے ، انھوں نے کہا کہ پرامن اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے تاہم بعض عناصر الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں ، ان سازشوں کو محب وطن سیاسی جماعتیں اور عوام کامیاب نہیں ہونے دیں گی ،انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کراچی میں نئی حلقہ بندیاں کرانے کا حکم دیا تھا۔

تاہم صرف قومی اسمبلی کے3 اور سندھ اسمبلی کی8 نشستوں کی حدود میں حلقہ بندیاں کرائی گئی ، انھوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کی تائید کرتے ہیں تاہم سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد ہونا چاہیے تھا ،انھوں نے کہا کہ کراچی کی ووٹر لسٹیں جاری نہ ہونے کے باعث امیدواروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے ، ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کراچی کی ووٹرز لسٹیں بلا تاخیر جاری کی جائیں، انھوں نے کہا کہ سندھ مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے ، مسلم لیگ 10 جماعتی اتحاد کا حصہ ہے ،

انھوں نے کہا کہ 10 جماعتی اتحاد میں سیٹ ایڈجسمنٹ کا معاملہ باہمی مشاورت سے طے کیا جا رہا ہے اور امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی جلد کردیا جائے گا، اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما عرفان اللہ مروت نے کہا کہ بعض عناصر کراچی میں انتخابات کا التوا چاہتے ہیں، تاہم ان کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ، انھوں نے کہا کہ کراچی میں بھی آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اور اس کے اتحادی بھاری اکثریت میں کامیابی حاصل کرے گی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔