شہباز شریف کے سابق سیکرٹری توقیر شاہ کی جنیوا تعیناتی کا از خود نوٹس

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 اپريل 2018
توقیر شاہ کا نام سن کر خواجہ سلمان رفیق کے چہرے کا رنگ کیوں اڑ گیا، چیف جسٹس فوٹو:فائل

توقیر شاہ کا نام سن کر خواجہ سلمان رفیق کے چہرے کا رنگ کیوں اڑ گیا، چیف جسٹس فوٹو:فائل

 لاہور: چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے شہباز شریف کے سابق سیکرٹری اور سانحہ ماڈل ٹاؤن میں مبینہ ملوث توقیر شاہ کی بیرون ملک تعیناتی کا از خود نوٹس لے لیا۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے مختلف از خود نوٹسز کی سماعت کی۔ اس دوران چیف جسٹس نے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری توقیر شاہ کی جنیوا میں ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں بطور پاکستانی سفیر تعیناتی کا از خود نوٹس لے لیا۔

سپریم کورٹ نے آئندہ سماعت پر توقیر شاہ کو طلب کرتے ہوئے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو توقیر شاہ کی تقرری کا نوٹی فکیشن بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس نے ڈاکٹر توقیر شاہ کا مکمل سروس ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔ عدالت نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو توقیر شاہ کی تقرری کا نوٹی فکیشن پیش کرنے کا حکم دے دیا عدالت نے ڈاکٹر توقیر شاہ کا مکمل سروس رکارڈ بھی طلب کرلیا۔

چیف جسٹس نے کمرہ عدالت میں موجود صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق سے استفسار کیا کہ خواجہ سلمان صاحب ڈاکٹر توقیر شاہ کو باہر کیوں بھیجا گیا، سنا ہے توقیر کی شہباز شریف کے لیے بہت خدمات ہیں، سلمان رفیق نے جواب دیا کہ میں اپنی ذات کی حد تک جواب دینے کا ذمہ دار ہوں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ توقیر شاہ کا نام سن کر آپ کے چہرے کا رنگ کیوں اڑ گیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ضرورت محسوس ہوئی تو وزیر اعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری امدادللہ بوسال کو بھی بلایا جائے گا۔

دوران سماعت چیف جسٹس کے استفسار پر چیف سیکرٹری نے بتایا کہ توقیر شاہ کو ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں بھیجا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے پوچھا بتایا جائے کس کی سفارش پر یہ تقرری کی گئی، جینوا کہاں ہے؟۔چیف سکریٹری نے کہا کہ جینوا سوئٹزرلینڈ میں ہے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ سنا ہے پیسے ویسے رکھنے کے حوالے سے بڑا اچھا ملک ہے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ جی سوئٹزرلینڈ کی پیسوں کے حوالے سے اچھی شہرت ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کی شہرت اچھی ہے لیکن ڈاکٹر توقیر شاہ کی نہیں۔

واضح رہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جسٹس باقر نجفی انکوائری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پولیس آپریشن توقیر شاہ کی سربراہی میں ہوا تھا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے بھی توقیر شاہ پر سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔