بی جے پی کے سینئر رکن نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 اپريل 2018
ملک میں جمہوریت کو خطرات لاحق ہیں،فوٹو:فائل

ملک میں جمہوریت کو خطرات لاحق ہیں،فوٹو:فائل

بہار: بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) کے سینئر رکن یشونت سنہا نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

بھارتی ریاست بہار کے صدر مقام پٹنا میں پریس کانفرنس کے دوران یشونت سنہا نے بی جے پی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کے برسراقتدار آنے کے بعد ملک میں جمہوریت کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں اور وہ جمہوریت کو مضبوط کرنے اور اس کے تحفظ کی تحریک شروع کرنے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 20 سال سے روزانہ ’’ 2 کلو گالیاں ‘‘ کھاتا ہوں، مودی نے اپنی صحت کا راز بتا دیا

سن 1990ء سے2000ء کے دوران وزیر خارجہ اور وزیر خزانہ رہنے والے یشونت سنہا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی جمہوریت کی مسلمہ حیثیت کو کمزور کرنے کی دانستہ کوششیں کررہے ہیں تاہم وہ جمہوریت کو لاحق خطرات سے بچانے کے لیے ’سیو ڈیموکریسی‘ کی تحریک کو آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ کئی دہائیوں سے بی جے پی کے ساتھ رہے، چار سال قبل انتخابی سیاست سے دست برداری کے بعد وہ اب پارٹی سیاست سے الگ ہو رہے ہیں تاہم بی جے پی سے علیحدگی کے بعد وہ کسی پارٹی میں شامل نہیں ہوں گے بلکہ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے جدوجہد کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔