سانحہ عباس ٹائون کے شہدا کے چہلم پر تعزیتی جلسے کا انعقاد

اسٹاف رپورٹر  اتوار 14 اپريل 2013
خفیہ ادارے ماسٹر مائنڈز اور اصل دہشت گردوں کو پکڑیں، مولانا عون نقوی. فوٹو: اے ایف پی / فائل

خفیہ ادارے ماسٹر مائنڈز اور اصل دہشت گردوں کو پکڑیں، مولانا عون نقوی. فوٹو: اے ایف پی / فائل

کراچی: سانحہ عباس ٹائون کے شہدا کے چہلم کے سلسلے میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پر تعزیتی جلسہ منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے دہشت گردی کی روک تھام کیلیے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔

لہٰذا نگراں سیٹ امن وامان کے قیام کیلیے اپنی ذمے داری ادا کرے ، قاتلوں اور دہشت گردوںکو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، حکومت سانحہ عباس ٹائون کے متاثرین کے مسائل فوری حل کرے، دریں اثنا ادارہ تبلیغ تعلیمات اسلامی پاکستان کے تحت اجتماع مولانا عون نقوی کی سربراہی میں امام بارگاہ اقرا سٹی میں منعقد ہوا جس میں شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا، ورثا اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر مولانا عون نقوی نے کہا کہ انسانی ہمدردی کے تحت تمام مذہبی ،سیاسی ،سماجی اور فلاحی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ متاثرین عباس ٹائون کی بحالی کیلیے اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں، انھوں نے کہا کہ خفیہ ادارے دیانتداری سے ماسٹر مائنڈز اور اصل دہشت گردوں کو پکڑیں، علامہ اکرام حسین ترمذی نے کہا کہ زخمیوں کے علاج ومعالجے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔