پاکستان افغانستان دو طرفہ تجارتی مسائل حل کرنے، ورکنگ گروپ بنانے پر متفق

نمائندہ ایکسپریس / خبر ایجنسیاں  اتوار 22 اپريل 2018
پاکستان بھارت اورافغانستان کے درمیان زمینی راستے سے تجارت کی اجازت دے،کابل حکام۔ فوٹو: فائل

پاکستان بھارت اورافغانستان کے درمیان زمینی راستے سے تجارت کی اجازت دے،کابل حکام۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد / واشنگٹن: پاکستان اور افغانستان دوطرفہ تجارتی مسائل حل کرنے پر رضامند ہوگئے جب کہ دونوں ممالک تجارت سے متعلق مسائل کو حل کرنے کیلیے ورکنگ گروپ بنانے پرمتفق ہوگئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن میںافغان وزیر خزانہ اکلیل احمد حکیمی اور پاکستان کے مشیرخزانہ مفتاح اسماعیل کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے آئندہ ماہ مئی کے پہلے ہفتے میں ایک اور ملاقات کرنے پر رضامندی کا اظہارکیا ہے۔ افغانستان کے ساتھ تجارتی مسائل کو حل کرنے کیلیے ملاقات میں پاکستانی وفد میں وزارت خزانہ اور ایف بی آرحکام شامل ہونگے جبکہ افغان حکومت نے بھی اسی سطح کا وفد پاکستان بھیجنے پررضامندی کا اظہارکیاہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابل حکام نے پاکستان پر بھارت اورافغانستان کے درمیان زمینی راستے سے تجارت کی اجازت دینے پر زور دیا۔ دوسری جانب پاکستانی حکام نے ملاقات کے دوران افغان حکام کو بتایا کہ ماضی میں ایسی تجارت نے پاکستان کیلیے کافی مسائل کھڑے کیے کیونکہ بھارتی اشیا افغانستان جانے کے بجائے پاکستان میں ہی فروخت ہونے لگی تھیں۔ تاہم پاکستانی حکام نے افغان حکام کو یقین دلایاکہ ایک مرتبہ یہ مسائل حل ہونے کے بعد پاکستان بھارت اور افغانستان کے درمیان تجارت کیلیے اپنی سرحدکھول دے گا۔

ملاقات کے دوران پاکستانی حکام نے افغان حکام کو بتایا کہ11-2010کے دوران دونوںممالک کے درمیان تجارت کاحجم2 ارب 40کروڑ ڈالر تک تھا تاہم اب یہ کم ہوکرصرف80 کروڑ ڈالررہ گیا ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹرمفتاح اسماعیل کی قیادت میں پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف/عالمی بینک کی اسپرنگ میٹنگ2018 میں شرکت کی، وفد نے اس موقع پرمختلف سائیڈلائن ملاقاتیں بھی کی ہیں جن میں آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر مٹسوہیرو فروساوا اوران کی ٹیم سے ملاقات بھی شامل ہے، اس موقع پر پاکستان کی معاشی کارکردگی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے عالمی بینک ایتھل سنھاؤزر سے بھی ملاقات کی، ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے جنوبی ایشیاکیلیے بینک کی نائب صدرسنیزینا اسٹولج کویک سے بھی ملاقات کی،وزیراعظم کے مشیرنے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے حکام کوپاکستان کی موجودہ اقتصادی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔

مشیرخزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدرتاکی ہیکوناکاؤسے بھی ملاقات کی اورپاکستان کی معاشی کارکردگی اورمستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پرتبادلہ خیال کیا۔

اے ڈی بی کے صدرنے وزیراعظم کے مشیر کویقین دلایاکہ بینک ترقی کے عمل میں اپنی معاونت جاری رکھے گا، انھوں نے مشیرخزانہ کوایشیائی ترقیاتی بینک کے آئندہ ماہ منیلا میں ہونے والے بورڈآف گورنرز کے اجلاس میں شرکت کی بھی دعوت دی، مشیر خزانہ نے عالمی بینک کے صدر ڈاکٹر جم یونگ کم کی سربراہی میں ہونے والے گول میزمذاکرے میں بھی شرکت کی اورشرکاکوبریفنگ دی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔