دنیا بھر میں آج ’ارتھ ڈے‘ منایا جا رہا ہے

ویب ڈیسک  اتوار 22 اپريل 2018
زمین سے محبت کا شعور اجاگر کرنے کے لیے دنیا بھر میں ہر سال یوم ارض منایا جاتا ہے۔ فوٹو : فائل

زمین سے محبت کا شعور اجاگر کرنے کے لیے دنیا بھر میں ہر سال یوم ارض منایا جاتا ہے۔ فوٹو : فائل

پاکستان سمیت دنیا بھر میں زمین سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے آج ’ارتھ ڈے‘ منایا جارہا ہے۔

ماحولیاتی آلودگی سے زمین کو درپیش نقصانات سے بچانے کے لیے آگاہی کے فروغ اور زمین سے محبت کا شعور اجاگر کرنے کے لیے ہر سال 22 اپریل کو دنیا کے 192 ممالک میں Earth Day یعنی یوم ارض منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر مختلف تقریبات منعقد کی جاتی ہیں جس میں ماہرین موسمی تغیرات اور کرہ ارض کو درپیش ماحولیاتی چیلینجز سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی اور اس کے سدباب پر بحث کی جاتی ہے۔

ارتھ ڈے کے موقع پر مختلف تنظیموں کی جانب سے درخت لگائے جاتے ہیں جب کے فضائی اور سمندری آلودگی سے بچانے کے لیے مختلف مہمات ترتیب دی جاتی ہیں اور اس حوالے سے وفاقی، صوبائی اور شہری حکومتوں کو اقدامات بھی تجویز کیے جاتے ہیں۔ حکومتی سطح پر وزارت ماحولیات بھی ’ارتھ ڈے‘ کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد بھی کرتی ہیں۔

یہ دن پہلی بار 1970 میں منایا گیا تھا اور اب ہر سال ارتھ ڈے نیٹورک کے زیرِ اہتمام 192 سے زائد ممالک میں منایا جاتا ہے اس سے قبل 1969 ممتاز سماجی کارکن جان مک کونل نے زمین کے احترام اور امن کا تصور اجاگر کرنے کی غرض سے ایک دن منانے کا خیال پیش کیا تھا جس کے لیے انہوں نے 21 مارچ 1970 کی تاریخ تجویز کی تھی تاہم امریکی سینیٹر گیلارڈ نیلسن نے ماحولیاتی تعلیم کی غرض سے ایک علیحدہ یومِ ارض کی بنیاد رکھی جو پہلی بار 22 اپریل 1970 کو منایا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔