حوثی باغیوں نے 19 تیل بردار جہاز یرغمال بنالئے، سعودی سفیر

ویب ڈیسک  اتوار 22 اپريل 2018
حوثی باغی امدادی جہازوں کو الحدیدہ کی بندر گاہ میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں، سعودی سفیر : فوٹو : فائل

حوثی باغی امدادی جہازوں کو الحدیدہ کی بندر گاہ میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں، سعودی سفیر : فوٹو : فائل

صنعاء: سعودی سفیر محمد آل جابر نے تصدیق کی ہے کہ حوثی باغیوں نے 19 تیل بردار جہازوں کو رمی المخطاف کے علاقے میں یرغمال بنا رکھا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کےمطابق یمن میں  حوثی باغیوں نے اپنے زیرِقبضہ علاقے رمی المخطاف میں مختلف ممالک کے  19 تیل بردارجہازوں کو یرغمال بنالیا ہے۔ یمن میں تعینات سعودی سفیر محمد آل جابر نے  سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حوثی باغیوں نے تیل بردار 19 جہازوں کو اپنے زیر قبضہ علاقے رمی المخطاف میں روک رکھا ہے اور وہ انھیں الحدیدہ کی بندر گاہ میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں۔ ان کی اس حرکت پر یمن کے  انسانی امدادی مرکز کو گہری تشویش لاحق ہے۔

واضح رہے کہ یمن کے مغرب میں بحیرہ احمر پر واقع الحدیدہ کی بندرگاہ پر حوثی باغیوں کا قبضہ ہے جب کہ بیرون ملک سے یمن میں امداد لے کر آنے والے بحری جہاز اور تیل بردار ٹینکرز اسی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔