صرف 9 منٹ میں کرسی تیار کرنے والے ماہر روبوٹ تیار

سائنس دان تھری ڈی کیمرے اور روبوٹ کے دو خود کار ہاتھوں کی مدد سے ’ بڑھئی روبوٹ‘ بنانے میں کامیاب ہو گئے


ویب ڈیسک April 22, 2018
یہ روبوٹ صرف 9 منٹ میں کرسی بنا لیتے ہیں۔ فوٹو : این ٹی یو

سنگاپور میں سائنس دانوں کی تین رکنی ٹیم نے کرسیاں بنانے والے انتہائی عمدہ 'روبوٹ ہاتھ' بنالیے۔

اسکرو کے ذریعے کرسی کے مختلف حصوں کو جوڑنے میں عمومی طور پر ایک گھنٹے سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے تاہم سنگا پور میں نوجوان سائن دانوں نے کرسیاں بنانے والےجدید 'روبوٹ ہاتھ' بنا کر سب کو حیران کردیا۔ یہ کاریگر روبوٹ نہایت عمدگی کے ساتھ صرف 9 منٹ میں ایک کرسی بنا لیتے ہیں اور بالکل ایک ماہر کاریگر کی طرح مضبوط کرسیاں بناتے ہیں۔



نینیانگ ٹیکنالوجی یونیورسٹی (NTU) میں میکینکل اور ایرو اسپیس انجینئرز کی تین رکنی ٹیم نے تھری ڈی کیمرے اور دو خود کار ہاتھوں والے روبوٹ سے کرسی تیار کرنے کا حیران کن مظاہرہ کیا۔ روبوٹ کے ہاتھ کسی ماہر بڑھئی کی طرح کرسی کے کئی حصوں کو ایک دوسرے سے بالکل درست طریقے اور مضبوطی سے جوڑنے میں کامیاب ہو گئے اور اس کام کے لیے صرف نومنٹ کا وقت صرف ہوا۔

یہ پڑھیں: اب میز اور کرسی بھی روبوٹ سے بنوائیں

اسسٹنٹ پروفیسر فام کوآنگ کیونگ کا کہنا ہے کہ روبوٹ کا مختلف شکلوں اور سائز کی لکڑیوں کو اس ڈھنگ سے جوڑنا کہ وہ ایک کرسی ایک میں تبدیل ہوجائے ایک نہایت مشکل کام ہے جس کے لیے ہم نے تین سال تک مسلسل محنت اور تحقیق کی ہے جس کے بعد ہم انسانی ہاتھوں کی طرح کام کرنے والے روبوٹ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ورزش کرنے اور پسینہ بہانے والے جاپانی روبوٹ


سائنس دانوں کا خیال ہے کہ یہ 'روبوٹ ہاتھ' فرنیچر بنانے والی صنعت کے علاوہ دیگر صنعتوں میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ اس سے معیار بھی بلند ہو گا اور یہ ایک عام انسان کی بہ نسبت زیادہ تیزی اور مہارت سے کام کرتے ہیں جس کی وجہ سے غلطیوں کا امکان کم اور پروڈکشن میں اضافہ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں