ایک گھنٹے میں 200 آئی فون ری سائیکل کرنے والا روبوٹ

ویب ڈیسک  پير 23 اپريل 2018
ایپل کی جانب سے جدید ترین ڈیزی ری سائیکلنگ روبوٹ جو ایک گھنٹے میں 200 آئی فون ری سائیکل کرسکتا ہے۔ فوٹو: بشکریہ ایپل کمپنی

ایپل کی جانب سے جدید ترین ڈیزی ری سائیکلنگ روبوٹ جو ایک گھنٹے میں 200 آئی فون ری سائیکل کرسکتا ہے۔ فوٹو: بشکریہ ایپل کمپنی

سان فرانسسكو: امریکا اور یورپ کے صارفین ہر سال نیا فون خریدتے ہیں اور پرانا فون اونے پونے داموں فروخت کردیتے ہیں۔ ان میں سے ایپل کے پرانے اسٹاک میں موجود فون ایپل کے گوداموں میں پڑے رہتے ہیں یا کسی وجہ سے واپس آجاتے ہیں۔ اب ایپل نے ان فونز کو ری سائیکل کرنے کےلیے ایک جدید ترین روبوٹ تیار کیا ہے۔

اس روبوٹ کا نام ڈیزی ہے جو 200 کے لگ بھگ فون ری سائیکل کرتا ہے لیکن اسے روبوٹ کے بجائے پورا ری سائیکلنگ پلانٹ کہنا زیادہ بہتر ہوگا جو 9 مختلف آئی فونز کو ماحول دوست انداز میں کھول کر انہیں تلف کرنے یا ری سائیکلنگ کا کام کرتا ہے۔

ایپل نے دو سال قبل اپنا ایک ری سائیکلنگ روبوٹ لائیام بھی تیار کیا تھا جسے اب جدید ڈیزی کی صورت میں ڈھالا گیا ہے اور اس میں لائیام کے کئی اہم پرزے لگائے گئے ہیں۔

اس روبوٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ بہت مہارت سے پرانے آئی فون کے ایک ایک کارآمد پرزے کو الگ کرتا ہے تاکہ کوئی شے ضائع نہ ہو۔ مثلاً اگر کوئی چپ یا پرزہ دوبارہ استعمال ہوسکے تو وہ اسے نکال کر ایک الگ خانے میں بھیج دیتا ہے۔ اس طرح ری سائیکل ہونے والے حصوں کو دوسری جگہ جمع کرتا ہے۔

ایپل کے مطابق یہ روبوٹ آئی فون کے قیمتی حصے بھی الگ کرتا ہے اور ایک گھنٹے میں 200 سے زائد آئی فون ری سائیکل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ یہ خوبی کسی بھی غیر روایتی ری سائیکلنگ مرکز میں موجود نہیں۔

تاہم ایپل نے ان روبوٹس کی تعداد نہیں بتائی اور نہ ہی یہ بتایا ہے کہ یہ روبوٹس کس جگہ موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔