سعودی عرب، ٹریفک حادثے میں 4 برطانوی معتمرین جاں بحق

ویب ڈیسک  اتوار 22 اپريل 2018
حادثے میں 12 افراد زخمی بھی ہوئے،فوٹو:فائل

حادثے میں 12 افراد زخمی بھی ہوئے،فوٹو:فائل

مکہ المکرمہ: سعودی عرب میں ایک ٹریفک حادثے کے باعث 4 برطانوی معتمرین جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود برطانوی مسلمان باشندوں کی بس کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں مدینہ سے مکہ جاتے ہوئے معتمرین کی بس آئل ٹینکر سے جا ٹکرائی۔

حادثہ مغربی مکہ کے قریب الاخلاص ٹاؤن میں پیش آیا جہاں معتمرین سے بھری بس سامنے سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، ایندھن کی وجہ سے بس آگ کا گولہ بن گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب ٹریفک حادثے میں 6 پاکستانی نژاد برطانوی معتمرین جاں بحق

برطانوی وزارت خارجہ نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے 4 برطانوی شہری ایک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے ہیں اس حوالے سے مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔

ٹریول کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کی ایک بس کو مدینہ سے مکہ جاتے ہوئے آئل ٹینکر نے ٹکر ماری ہے جس میں 4 برطانوی شہری جاں بحق اور دیگر 12 زخمی ہوئے ہیں اب ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔