واہگہ بارڈر پر حسن علی کی پریڈ میں شرکت، بھارتی فوج کو مرچیں لگ گئیں

خبر ایجنسیاں  پير 23 اپريل 2018
حسن علی کی جانب سے مداخلت نے پریڈ کی حرمت کو نقصان پہنچایا، انسپکٹر جنرل موکول گوئل۔ فوٹو: فائل

حسن علی کی جانب سے مداخلت نے پریڈ کی حرمت کو نقصان پہنچایا، انسپکٹر جنرل موکول گوئل۔ فوٹو: فائل

نئی دہلی: واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب کے موقع پر ہونے والی پریڈ کے دوران فاسٹ باؤلرحسن علی نے بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز اور عوام کی جانب رخ کر کے جشن منانے کا مخصوص انداز اپنایا تو بھارتی فوج کو مرچیں ہی لگ گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی بارڈر فورس نے حسن علی کی جانب سے پریڈ میں مداخلت کرنے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پاکستانی رینجرز کیساتھ احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جن کا کہنا ہے کہ پروٹوکول کے مطابق تقریب میں بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس اور پاکستان رینجرز کے جوان ہی شریک ہوتے ہیں۔

بارڈر سکیورٹی فورسز ( پنجاب فرنٹیئر ) کے انسپکٹر جنرل موکول گوئل نے بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حسن علی کی جانب سے مداخلت نے پریڈ کی حرمت کو نقصان پہنچایا، ہم پاکستان رینجرز کو احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، بارڈر کے دونوں جانب تماشائیوں کے بیٹھنے کی جگہ پر رہ کر کوئی بھی جارحانہ انداز اپنا سکتا ہے لیکن کوئی عام شخص پریڈ میں مداخلت نہیں کر سکتا۔

بارڈر سکیورٹی فورس کے ترجمان اور ڈی آئی جی آر ایس کٹاریہ نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کی ہیں، پاکستانی کرکٹ ٹیم پریڈ دیکھنے واہگہ بارڈر آئی تھی جہاں پریڈ کے دوران ایک پاکستانی کرکٹر نے اشتعال انگیز اشارے شروع کر دئیے، یہ سب پاکستانی سائیڈ پر ہوا جبکہ بعد میں پاکستانی حکام نے اس کھلاڑی کو بٹھا دیا، چونکہ یہ دو ملکوں کی فوج کے درمیان ہونیوالی پریڈ ہے، اسلئے بی ایس ایف پاکستان رینجرز کو احتجاج ریکارڈ کرائیگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز واہگہ بارڈر پر ہونیوالی پریڈ دیکھنے کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ کیلئے منتخب ہونیوالا سکواڈ بھی موجود تھا، پریڈ کے دوران حسن علی اٹھ کر واہگہ بارڈر گیٹ کے قریب گئے اور بھارتیوں کی جانب رخ کر کے اسی انداز میں جنریٹر سٹارٹ کرنے کا جشن منایا جیسے وہ میدان میں وکٹ لینے کے بعد مناتے ہیں اور یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔