قومی کرکٹ ٹیم سرفرازاحمد کی قیادت میں لندن پہنچ گئی

اسپورٹس رپورٹر  پير 23 اپريل 2018
پاکستان کرکٹ ٹیم آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف مجموعی طور پر3ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی فوٹو:پی سی بی

پاکستان کرکٹ ٹیم آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف مجموعی طور پر3ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی فوٹو:پی سی بی

پاکستان ٹیسٹ ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں بلند عزائم کے ساتھ لندن پہنچ گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف مجموعی طور پر تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں حصہ لینے کے لیے انگلینڈ پہنچ گئی ہے، پہلا ٹیسٹ آئرلینڈ سے ڈبلن میں 11 سے 15 مئی تک ہوگا، میزبان ٹیم اپنی تاریخ میں پہلی بار طویل فارمیٹ کی کرکٹ کے دوران ایکشن میں دکھائی دے گی۔

انگلینڈ کے خلاف پہلا میچ 24 مئی سے شروع ہو کر28 مئی تک تاریخی اہمیت کے حامل لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں جاری رہے گا جبکہ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ یکم سے5 جون تک لیڈز میں شیڈول ہے۔

شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم 25 اپریل کو کینٹربری میں باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز کرے گی، گرین کیپس کی خصوصی مشقوں کا وقت ساڑھے 9 سے ساڑھے 12 بجے تک رکھا گیا ہے اسی روز کپتان سرفراز احمد غیر ملکی قومی کوچ مکی آرتھر کے ساتھ پریس کانفرنس بھی کریں گے جس میں وہ میٖڈیا کو ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں سمیت متعدد امور کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ 8 مئی سے پہلے تک انگلینڈ میں 2 وارم اپ میچز ہوں گے،28اپریل سے یکم مئی کینٹ بری سے مقابلہ ہوگا جبکہ 4 سے 7 مئی نارتھمپٹن شائر سے بھی 4روزہ میچ رکھا گیا ہے۔

سرفراز الیون 8 مئی کو آئرلینڈ کیلئے روانہ ہوگی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ 11 مئی سے شروع ہوگا۔ ٹیسٹ کے اختتام کے بعد قومی ٹیم کی اگلی منزل ایک بار پھر انگلینڈ ہو گی جہاں وہ انگلش ٹیم کے خلاف 24 مئی سے پہلے ٹیسٹ میں حصہ لے گی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے آخری ٹیسٹ سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں 6 ماہ قبل کھیلا تھا، 6 اکتوبر سے 10اکتوبر2017 تک جاری رہنے والے اس ٹیسٹ میں گرین کیپس کو آئی لینڈرز کے ہاتھوں 68 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پٖڑا تھا اس لیے ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ کرکٹ میں زیادہ تجربہ رکھنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو انگلش موسم اور کنڈیشنز کیساتھ طویل طرز کی کرکٹ کا چیلنج بھی درپیش ہو گا۔

عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ٹیم منیجمنٹ نے قذافی اسٹیڈیم میں لگنے والے تربیتی کیمپس کے دوران پلیئرز کو نہ صرف بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور ٹریننگ کروائی ہے بلکہ فخر زمان سمیت تیز کھیلنے والے بیٹسمینوں کو وکٹ پر زیادہ سے زیادہ ٹھہرنے کی خصوصی مشقیں بھی کروائی گئی ہیں۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ سیریز کے دوران غیر ملکی ہیڈکوچ مکی آرتھر بیٹنگ آرڈر میں چھیڑچھاڑکا ارادہ بھی رکھتے ہیں، بابراعظم جو پاکستان کی جانب سے ون ڈے میں تیسرے نمبر پر اور ٹی ٹوئنٹی میں اوپننگ کرتے ہیں لیکن آئرلینڈ اور انگلینڈ میں انھیں چوتھے یا پانچویں نمبر پر کھلانے کی تجویز زیرغور ہے جبکہ حارث سہیل کو ون ڈاؤن پوزیشن پر کھلائے جانے کا امکان ہے،تیز رفتار بیٹنگ سے پہچانے جانے والے اوپنر فخر زمان کو پانچویں یا چھٹے نمبر پر آزمایا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔