پاکستان ریلویز کے لیے 40 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز

ثاقب بشیر  پير 23 اپريل 2018
جاری منصوبوں کیلیے کل بجٹ کا96فیصد،نئے منصوبوں کیلیے4 فیصد فنڈز مانگے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

جاری منصوبوں کیلیے کل بجٹ کا96فیصد،نئے منصوبوں کیلیے4 فیصد فنڈز مانگے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان ریلویز کے لیے آئندہ مالی سال  2018-19کے لیے  40 ارب سے زائد مختص کرنے کی تجویز ہے جس میں جاری منصوبوں اور نئے منصوبوں کے لیے مختص کردہ فنڈز شامل ہیں۔

ایم ایل ون کے ٹریک اور حویلیاں میں ڈرائی پورٹ کی تعمیر کے لیے 3 کروڑ 90 لاکھ روپے، اسٹاف کوارٹرز کے لیے33کروڑ 50 لاکھ روپے مانگے گئے ہیں۔ خانیوال سے رائیونڈ ٹریک ڈبل کرنے کے لیے ایک ارب 10 کروڑ 30 لاکھ روپے، فزیبلٹی اسٹڈی کے لیے متفرق 3 کروڑ 20 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔

ریلوے ٹریک کی مرمت کیلیے 87کروڑ70 لاکھ روپے،2010 سیلاب سے متاثرہ حصوں کی بحالی کے لیے 2ارب 55 کروڑ 10 لاکھ روپے،دسمبر 2007 میں بینظیر بھٹو شہید کی شہادت پر ہونے والے ریلوے کے نقصان کی بحالی کیلیے ایک ارب 70 کروڑ 50 لاکھ روپے ،خانپورلودھراں سیکشن کے ریلوے ٹریک کی مرمت کیلیے 1510 ملین روپے، حویلیاں سے پاک چین بارڈر تک ریلوے لائن کی فزیبلٹی اسٹڈی کیلیے 10 لاکھ، ایم ایل تھری کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی کیلیے 168 ملین روپے رکھنے کی تجویز ہے۔

سیکیورٹی کیلیے 16 کروڑ 40 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔بڑے ریلوے اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کیلیے 60 کروڑ 90 لاکھ روپے مانگے گئے ہیں، حسن ابدال، ننکانہ صاحب اور ناروال اسٹیشنزکی اپ گریڈنگ کیلیے 52 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔